رائے بریلی میں دلت نوجوان کی ماب لنچنگ پر کانگریس کا اظہارِ فکر، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے استعفیٰ کا مطالبہ
کانگریس لیڈران نے پریس کانفرنس میں کہا کہ دلت نوجوان کو کیمرے کے سامنے پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا گیا، مرنے سے پہلے جب اس نوجوان نے راہل گاندھی کا نام لیا تو حملہ آوروں نے اس کا مذاق اڑایا۔

اتر پردیش کے ضلع رائے بریلی میں ایک دلت نوجوان کی بہیمانہ لنچنگ کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے استعفیٰ کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ ماب لنچنگ واقعہ پر اپنا اظہارِ فکر ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے آج ایک پریس کانفرنس کی، جس میں کہا کہ ریاست میں نظامِ قانون اور نظم و نسق مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ دلتوں، خواتین اور اقلیتوں پر ظلم و زیادتیاں بے پناہ بڑھ گئی ہیں۔
آج کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے درج فہرست ذات شعبہ کے صدر راجندر پال گوتم اور رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے الزام لگایا کہ اتر پردیش میں قانون و انصاف کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، مجرموں کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے اور انہیں قانون کا کوئی خوف نہیں رہا۔ کانگریس لیڈران نے پریس کانفرنس کے دوران رائے بریلی میں دلت نوجوان کی ماب لنچنگ کی ویڈیو بھی دکھائی، جس میں اسے کیمرے کے سامنے پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرنے سے پہلے جب اس نوجوان نے راہل گاندھی کا نام لیا، تو حملہ آوروں نے اس کا مذاق اڑایا۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے راجندر پال گوتم نے کہا کہ ایسے تمام متاثرہ خاندانوں کو فی کس ایک کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جائے اور ان مقدمات کو فاسٹ ٹریک عدالتوں میں مقررہ وقت کے اندر نمٹایا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں اتر پردیش میں دلتوں پر ظلم و زیادتیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، اور ادارتی امتیاز ایک معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بی جے پی کی حکومت والی 5 ریاستوں میں دلتوں پر ہونے والے جرائم میں 75 فیصد اضافہ ہوا ہے، جن میں صرف اتر پردیش میں ہی 26.2 فیصد واقعات درج کیے گئے ہیں۔
اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے کہا کہ ملک کا آئین اس وقت خطرے میں ہے۔ یوگی حکومت نظامِ قانون، نظم و نسق اور بدعنوانی کے تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دلتوں، خواتین اور اقلیتوں پر جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حد تو یہ ہے کہ یوگی حکومت سپریم کورٹ کی ہدایات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلڈوزر انصاف جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، بلکہ بی جے پی کی نظریاتی حکمرانی چل رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ان عناصر کو تحفظ دے رہی ہے جو نفرت اور تشدد پھیلا رہے ہیں۔
کانگریس لیڈران نے بتایا کہ قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے فون پر متاثرہ دلت خاندان سے بات کی ہے۔ اس کے علاوہ امیٹھی کے رکن پارلیمنٹ کے ایل شرما اور یوپی کانگریس صدر اجے رائے نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کر ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس دوران کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ ’فیکٹ فائنڈنگ ٹیم‘ تشکیل دے گی جو ایسے واقعات کی تحقیقات کرے گی اور ایک تفصیلی رپورٹ جاری کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔