’مالک کے لیے کچھ بھی...‘، کانگریس نے مودی حکومت کے ’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘ کی خامیوں سے اٹھایا پردہ

’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘ سے ہونے والے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس پروجیکٹ کے تحت مبینہ طور پر کروڑوں درخت کاٹ کر جنگل مٹایا جائے گا۔ شومپین اور نکوباری قبائل بے گھر ہو جائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس ’ایکس’ @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’’مالک کے لیے کچھ بھی...۔‘‘ کانگریس نے یہ عنوان اس گرافکس کے لیے لگایا ہے، جو کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیا گیا ہے۔ اس گرافکس میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور مشہور صنعت کار گوتم اڈانی کو ہاتھ ملاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اور اوپر لکھا گیا ہے ’’مالک ہو آپ میرے‘‘، ساتھ ہی پی ایم مودی کی شبیہ کو کہتے دکھایا گیا ہے کہ ’’بتاؤ، کون سا جنگل کاٹنا ہے۔‘‘

دراصل ’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘ کے لیے مودی حکومت نے منظوری دے دی ہے، اور یہ گوتم اڈانی کے حصے میں گیا ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس اور کانگریس کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ سے گریٹ نکوبار کو تباہی کا سامنا ہوگا۔ اس منصوبہ سے ماحولیات کو تو نقصان ہوگا ہی، ایک بڑی مقامی آبادی مستقل نقل مکانی کے لیے مجبور ہو جائے گی۔ کانگریس نے آج اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘ سے ہونے والے ممکنہ نقصان کو سامنے رکھتے ہوئے کچھ پوسٹس کی ہیں، جن میں ایک ویڈیو بھی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’’اڈانی کے منافع کے لیے گریٹ نکوبار میں کروڑوں درخت کاٹے جائیں گے، قبائلی بے گھر کیے جائیں گے، برساتی جنگل کو تباہ کیا جائے گا۔‘‘


ویڈیو میں بیک گراؤنڈ سے آواز دی گئی ہے اور گریٹ نکوبار کے مناظر اور وہاں کی آبادی کو دکھایا گیا ہے۔ آن لائن انگریزی نیوز پورٹل ’اسکرول ڈاٹ اِن‘ کی ایک رپورٹ کی سرخی بھی دکھائی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ گریٹ نکوبار پروجیکٹ کے لیے 8.5 لاکھ نہیں، بلکہ ایک کروڑ درخت کاٹے جائیں گے۔ ویڈیو میں بیک گراؤنڈ سے دی گئی آواز میں کہا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی اپنے دوست اڈانی کے لیے گریٹ نکوبار کو برباد کرنے پر آمادہ ہیں۔ کیونکہ اس پروجیکٹ سے ترقی نہیں بلکہ تباہی ہوگی۔‘‘

’گریٹ نکوبار پروجیکٹ‘ سے ہونے والے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اس پروجیکٹ کے تحت مبینہ طور پر کروڑوں درخت کاٹ کر جنگل مٹایا جائے گا۔ شومپین اور نکوباری قبائل بے گھر ہو جائیں گے۔ ہزاروں ایکڑ میں پھیلے ہوئے برساتی جنگل ختم ہو جائیں گے۔ یہ بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس پروجیکٹ کی وجہ سے زلزلہ کا خطرہ بڑھ جائے گا، لیکن نریندر مودی کو اس سب سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ انھیں صرف اپنے امیر دوست اڈانی کا منافع نظر آتا ہے، ملک کا نقصان نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔