کورونا کے خلاف کثیر پارٹی ورکنگ گروپ بنے : کانگریس

اپوزیشن جماعتوں کو اس کام میں شامل کر نے سے ان کا حوصلہ بڑھے گا اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ زیادہ آسان ہوگی۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس 'كووڈ -19' کے انفیکشن سے پیدا ہوئے بحران سے نمٹنے کے لئے مرکزی سطح پر کثیر جہتی ورکنگ گروپ تشکیل دیا جانا چاہئے تاکہ سرکاری کے ساتھ ہی اسے غیر سرکاری ذرائع سے بھی معلومات ملتی رہیں۔

مسٹر مودی کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے بدھ کے روز یہاں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اس کام میں شامل کر نے سے ان کا حوصلہ بڑھے گا اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ زیادہ آسان ہوگی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی کو بھی اس کام میں شامل کیا جانا چاہئے اور ان ریاستوں کو خصوصی مالیاتی پیکیج ملے جو اقتصادی بحران کا شکار ہیں اور کورونا وائرس کے خلاف لڑنے میں کمزور ثابت ہو رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف مرکزی وزراء سے بنا ٹاسک فورس کافی نہیں ہے، اس کے لئے مرکزی وزراء کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ریاستوں کے وزرائے اعلی کو بھی شامل کیا جانا چاہئے، کیونکہ وہ وہاں کے عوام کے مسائل کو سمجھتے ہیں۔ اس سے کورونا وائرس پر ایک پالیسی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئےسوشل ڈسٹینسنگ یا ایک دوسرےسے فاصلہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے اور اس پر سختی سے عمل ہونا ضروری ہے۔


انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لئے اس کی جانچ بڑھائے جانے کی بھی ضرورت ہے۔ہمارے یہاں ٹیسٹنگ کا تناسب بہت کم ہے جو زیادہ فکر کی بات ہے۔ حکومت کو جانچ کی سہولت بڑھاکر اسے مفت کرنا چاہئے۔انہوں نے لوگوں، مزدوروں، کسانوں اور عام آدمی کے مسئلہ پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔