کانگریس نے نتیش کمار اور سشیل مودی کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا

کانگریس کے وفد نے گورنر کو بتایاکہ 72 گھنٹے تک مونگیر میں تشدد کا ننگا ناچ ہوا اور نتیش حکومت آنکھ بند کر کے سوئی رہی

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کانگریس نے آج گورنر پھاگو چوہان سے ملاقات کر کے مونگیر تشدد معاملے میں وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی کو سیدھے طورپر ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہیں عہدہ سے برخاست کرنے اور پولیس فائرنگ میں مارے گئے نوجوان کے اہل خانہ کو پچاس لاکھ روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ۔کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والاکی قیادت میں گورنر پھاگو چوہان سے پارٹی کے ایک نمائندہ وفدنے گورنرہاﺅس جاکر ملاقات کی ۔باہر آنے پر مسٹر سرجے والا نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ نمائندہ وفد نے گورنر کو بتایاکہ 72 گھنٹے تک مونگیر میں تشدد کا ننگا ناچ ہوا اور نتیش حکومت آنکھ بند کر کے سوئی رہی ۔ انہوں نے کہاکہ بے قصور لوگوں پر لاٹھیاں چلائی گئیں۔ ایسا جانوروں کے ساتھ بھی نہیں کیاجاتاہے ۔

مسٹر سرجے والا نے کہاکہ مونگیر میں خواتین ، بزرگوں اور نوجوانوں کو دوڑا ۔ دوڑا کر پیٹا گیا اور اس کے بعد پولیس نے جان بوجھ کر بے قصور لوگوں پر گولیاں چلائیں جس میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے 17 سال کے ایک نوجوان انوراگ کمار کے سرمیں گولی ماری ، جس سے اس کی موت ہوگئی ۔ انہوں نے گورنر کو حقیقت حال سے روبرو کرانے کیلئے مقامی اخبارات کے کترنوں اور سی آئی ایس ایف کی ای میل کو بھی دکھایا جس سے واضح ہے کہ آٹھ لوگو کو گولیاں پولیس کی انساس رائفل سے لگی ہیں۔


کانگریس لیڈر نے کہاکہ اس واقعہ کے بعد قصورواروں پر کاروائی کرنے کے بجائے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی انہیں بچانے میں لگ گئے ۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کے بعد مونگیر کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو معطل کیاجانا چاہئے تھا لیکن وہاں کی ایس پی جے ڈی یو کے ایک سنیئر لیڈر اور وزیراعلیٰ کے سب سے قریبی ساتھی کی بیٹی اور ضلع مجسٹریٹ نائب وزیراعلیٰ کے محبوب ہونے کی وجہ سے دونوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ اس کی وجہ سے مونگیر میں دو مرتبہ تشدد رونما ہوا ۔

مسٹر سرجے والا نے کہاکہ کانگریس نے گورنر سے کہا ہے کہ مسٹر نتیش کمار اور مسٹر سشیل مودی کو ایک لمحے کیلئے بھی عہدہ پر رہنے کا حق نہیںہے اس لئے انہیں فورا عہدہ سے برخاست کیاجائے ۔ انہوں نے پولیس کی گولی سے مارے گئے انوراگ کمار کے اہل خانہ کو پچاس لاکھ روپے معاوضہ دینے اور پولیس اور انتظامیہ کے قصور وار افسران کو فوری طور سے معطل کرنے اور ان کے خلا ف ایف آئی آر درج کراکر غیر جانبدارانہ جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ۔


کانگریس لیڈر نے کہاکہ گورنر نے سنجیدگی سے ان کی باتوں کو سنا اور یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آئین کے مطابق ان سب مطالبات پر غور کریں گے ۔ کانگریس نمائندہ وفد میں مسٹر سرجے والا کے علاوہ پارٹی کے ریاستی صدر مدن موہن جھا ، قومی ترجمان پون کھیڑا اور مسٹر سنجیو کمار شامل تھے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔