کانگریس کی بڑی کامیابی: مختلف شعبوں کی ڈیڑھ درجن نمایاں شخصیات نے تھاما پارٹی کا ہاتھ
ملک کے مختلف حصوں سے انتظامی، سیاسی اور سماجی شعبوں کی قریب ڈیڑھ درجن نمایاں شخصیات نے کانگریس کا ہاتھ تھاما۔ پارٹی رہنماؤں نے اسے عوامی حمایت میں اضافہ قرار دیتے ہوئے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی

نئی دہلی: کانگریس نے اتر پردیش سمیت ملک کے مختلف حصوں سے انتظامی، سیاسی اور سماجی شعبوں سے وابستہ قریب ڈیڑھ درجن نمایاں شخصیات کی شمولیت کو بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا ہے۔ بدھ کے روز نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں ان شخصیات نے کانگریس کا دامن تھام لیا۔
اس موقع پر کانگریس کے میڈیا و تشہیر (مواصلات محکمہ) کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ پون کھیڑا، اتر پردیش کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم، او بی سی محکمہ کے صدر انل جے ہند اور رکن پارلیمنٹ راکیش راٹھور موجود تھے۔
کانگریس میں شامل ہونے والوں میں بہوجن سماج پارٹی کے کئی ریاستوں کے سابق انچارج ڈاکٹر انوپ کمار امبیڈکر، سپریم کورٹ کے وکلا مینک یادو اور شریہ یادو، اتر پردیش کے سابق پی سی ایس افسر سنیل کمار ورما، پنجاب کیڈر کے سابق آئی اے ایس افسر چودھری خوشی رام، اتر پردیش کیڈر کے سابق آئی پی ایس افسر اور انڈین پولیٹیکل جسٹس پارٹی کے سربراہ بی پی اشوک، کسان تحریک سے وابستہ کسان رہنما روہت جاکھڑ، کیرالہ کیڈر کے سابق آئی پی ایس افسر سدیش کمار، عام آدمی پارٹی کے سابق سوشل میڈیا انچارج اور بہوجن سماج پارٹی کے سابق لوک سبھا امیدوار وقار چودھری، وکرانت گوتم، دیش بچاؤ آندولن کے سچن، پولیٹیکل جسٹس پارٹی کے قومی خزانچی کشن سوروپ، آر کے میسی، راجندر پرساد وشبھ، امت کمار، راشٹریہ لوک دل کی قومی سکریٹری ساوتری گوتم، ارون بنسوال اور سماج وکاس کرانتی پارٹی کے سربراہ اشوک سنگھ شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجندر پال گوتم نے بی جے پی حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کا تقریباً ہر طبقہ خود کو حکومت کے ہاتھوں دھوکا کھایا ہوا محسوس کر رہا ہے اور چند سرمایہ داروں کو چھوڑ کر حکومت نے ہر طبقے کو کمزور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مشکل حالات میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نوجوانوں، پسماندہ اور محروم طبقات کی آواز کو مضبوطی سے اٹھا رہے ہیں۔ ان کے مطابق راہل گاندھی کے نظریات اور طرز سیاست سے متاثر ہو کر مختلف شعبوں کی اہم شخصیات کانگریس میں شامل ہو رہی ہیں۔
او بی سی محکمہ کے صدر انل جے ہند نے بھی اس موقع پر مرکز کی مودی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومتی دباؤ کے باعث سیاسی جماعتیں ٹوٹ رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب عوامی حمایت کانگریس کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی نوجوان نسل میں حکومت کے خلاف شدید ناراضی پائی جاتی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
