ہلدوانی میں کانگریس کا ستیہ گرہ، ’شدھی کرن‘ کرنے والوں پر ایف آئی آر کا مطالبہ
ہلدوانی میں کانگریس نے رام لیلا میدان کے ’شدھی کرن‘ کے خلاف ستیہ گرہ شروع کیا۔ مظاہرین نے ذمہ دار افراد پر ایف آئی آر اور راہل گاندھی کے خلاف درج مقدمہ واپس لینے کا مطالبہ کیا

ہلدوانی: اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں کانگریس کارکنوں نے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کی ریلی کے بعد جلسہ گاہ کے ’شدھی کرن‘ کے معاملے کے خلاف ستیہ گرہ شروع کر دیا ہے۔ مظاہرین نے ’شدھی کرن‘ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور اس معاملے پر آواز اٹھانے کے سلسلے میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ پارک میں جاری اس ستیہ گرہ میں راجیو گاندھی پنچایتی راج کانگریس کے قومی صدر ڈاکٹر سنیل پوار بھی شریک ہوئے۔ کانگریس کارکنوں نے احتجاج کے دوران چرخہ کات کر گاندھیائی طریقے سے اپنا احتجاج درج کرایا۔ انہوں نے مرکز اور اتراکھنڈ کی حکومت کے ساتھ پولیس انتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے راہل گاندھی کے خلاف درج مقدمہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ جمہوری طریقے سے کسی معاملے پر آواز اٹھانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنا مناسب نہیں ہے۔ ان کے مطابق ہلدوانی کے رام لیلا میدان میں کھڑگے کی ریلی کے بعد جگہ کا ’شدھی کرن‘ کیا گیا، جس کے خلاف کانگریس نے احتجاج کیا ہے۔
ستیہ گرہ میں شریک راجیو گاندھی پنچایتی راج تنظیم کے قومی صدر سنیل پوار نے صحافیوں سے گفتگو میں الزام لگایا کہ کھڑگے کی ریلی کے بعد بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ افراد نے اس مقام کا ’شدھی کرن‘ کیا۔ انہوں نے اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی پر بھی اس اقدام کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا۔
پوار نے کہا کہ کانگریس جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے ستیہ گرہ کر رہی ہے۔ ان کے مطابق، جس طرح سے ہلدوانی میں یہ واقعہ پیش آیا، اسے پورے ملک نے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی جگہ منو اسمرتی کو لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جسے انہوں نے غلط قرار دیا۔
احتجاج میں شامل نیرج تیواری نے کہا کہ کھڑگے کا پروگرام شاندار تھا، لیکن اس کے بعد ’شدھی کرن‘ کیا گیا۔ ان کے مطابق کانگریس اس واقعے کی مخالفت کرتی ہے اور راہل گاندھی سمیت آئین پر یقین رکھنے والے لوگوں نے بھی اس معاملے پر آواز اٹھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی، جو غلط ہے۔ اسی کے خلاف کانگریس کارکن گاندھییائی طریقے سے احتجاج کر رہے ہیں۔ تنظیم کی کوآرڈینیٹر رادھا آریہ نے کہا کہ چرخہ چلا کر احتجاج کرنے کا مقصد سچ اور عدم تشدد کے راستے پر چلنے کا پیغام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ اس معاملے میں مناسب کارروائی کے لیے تیار نہیں ہیں۔
کانگریس کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ رام لیلا میدان کے ’شدھی کرن‘ میں شامل افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور راہل گاندھی کے خلاف درج مقدمہ واپس لیا جائے۔ ستیہ گرہ کے ذریعے کانگریس نے اس معاملے کو آئین، جمہوریت اور سماجی ہم آہنگی سے جوڑتے ہوئے اپنی مخالفت درج کرائی ہے۔
