جے پور ضمنی انتخاب: کانگریس نے بی جے پی کو ریکارڈ ووٹوں سے شکست دی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مودی لہر کا پورے ملک سے دھیرے دھیرے خاتمہ ہو رہا ہے اور اس کی تازہ مثال آج جے پور ضمنی انتخاب کا برآمد نتیجہ ہے۔ اس انتخاب میں کانگریس نے بی جے پی کو ریکارڈ ووٹوں سے شکست دے کر ثابت کر دیا کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں مختلف یونیورسٹیوں کے انتخابات اور ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کوئی اتفاق نہیں ہے۔ راجستھان میں اسٹوڈنٹ یونین انتخاب میں بی جے پی کی شکست نے مودی لہر کی جو ہوا نکالی تھی جے پور میونسپل کارپوریشن کے 76 نمبر وارڈ پر ہوئے ضمنی انتخاب نے اس کو مزید تقویت دی ہے۔ انتخاب کا نتیجہ برآمد ہونے کے بعد جہاں ایک طرف بی جے پی امیدوار کے ہوش اڑ گئے ہیں وہیں کانگریس خیمہ جشن کے ماحول میں ڈوبا ہوا ہے۔

دراصل جے پور کے 76 نمبر وارڈ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں فتح حاصل کرنے کے لیے بی جے پی امیدوار اشوک اگروال نے خوب محنت کی تھی اور اب جب کہ نتیجہ ان کے خلاف آیا ہے تو وہ حیران ہیں۔ اپنی شکست کی ذمہ داری وہ ’مودی مخالف لہر‘ کو دے نہیں سکتے اس لیے پارٹی کے اندر ہو رہی سیاست پر ناراضگی ظاہر کی۔ اپنی شکست کے بعد انھوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر سے ملاقات کر کے اپنا غم بھی بیان کیا۔ دوسری طرف کانگریس کے امیدوار اکرام الدین کی فتح کے بعد راجستھان کانگریس کے سبھی سینئر لیڈروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اکرام الدین نے فتحیابی کے بعد کہا کہ ’’یہ فتح پارٹی کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا اور پارٹی کارکنان میں نیا جوش پیدا کرے گا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اکرام الدین نے بی جے پی امیدوار کو 5 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔