52 دنوں میں 13 بینک گھوٹالہ، پھر بھی نریندر مودی خاموش

کانگریس نے روز بہ روز بینکوں میں ہو رہے گھوٹالے کے انکشافات کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان پون کھیڑا نے آج وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی سربراہ امت شاہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’دوست اور رفقائے کار بینک کو لوٹنے میں مصروف ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ اَب بھی خاموش ہیں۔‘‘ یہ الزام انھوں نے بی جے پی اور وڈودرا کے ڈائمنڈ پاور انفراسٹرکچر لمیٹڈ (ڈی پی آئی ایل) کے پروموٹرس، سشیل، امت و سمت بھٹناگر کے درمیان رشتوں کے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے لگایا۔

مسٹر کھیڑا نے میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 52 دنوں میں کم و بیش 13 بینک فراڈ اور گھوٹالہ کے معاملے منظر عام پر آ چکے ہیں اور ہر معاملے میں دھوکہ دینے والے یا گھوٹالہ کرنے والے کا قریبی رشتہ کسی نہ کسی بی جے پی لیڈر کے ساتھ ضرور رہا ہے۔ اس کے باوجود ہر مہینے قوم سے خطاب کرنے اور ہر چھوٹے بڑے ایشو پر ٹوئٹ کرنے والے وزیر اعظم اس معاملے لاپروا نظر آ رہے ہیں اور خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ سی بی آئی نے اس ہفتہ ڈی پی آئی ایل کے دفاتر اور بھٹناگر کی رہائش پر چھاپہ ماری کی ہے جس کی وجہ ہے دھوکہ بازی۔ اس معاملے میں سریش نارائن بھٹناگر، امت بھٹناگر اور سمت بھٹناگر پر الزام ہے کہ انھوں نے 11 بینکوں سے تقریباً 2654 کروڑ قرض لیا جس کی ادائیگی نہیں کی۔ اس سے متعلق جون 2016 میں درج کیے گئے ایف آئی آر میں تفصیلات موجود ہیں۔

پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ امت بھٹناگر بی جے پی کے بڑے فائنانسر ہیں۔ وہ مزید بتاتے ہیں کہ وڈودرا میں ’وَڈ فیسٹ‘ امت بھٹناگر کے ذریعہ ہی انعقاد پذیر ہوتا ہے جو بی جے پی کے ساتھ ان کے رشتوں کو ظاہر کرتا ہے۔ گجرات کا محکمہ سیاحت اسپیشل پرپس وہیکل (ایس پی وی) بناتا ہے جس کا مقصد کلچرل فیسٹ کو فنڈ دینا ہوتا ہے۔ اس کا نام وڈودرا انٹرنیشنل آرٹ اینڈ کلچرل فیسٹیول اتھارٹی ہے جس کی سربراہی اس وقت کے وزیر مالیات سوربھ پٹیل کرتے ہیں اور سوربھ پٹیل ہی یہ طے کرتے ہیں کہ امت بھٹناگر اس فیسٹ کے چیف آرگنائزر بنیں گے۔ اس طرح عوام کے پیسوں کو غلط طریقے سے خرچ کیا جاتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
امت بھٹناگر کے ساتھ مرکزی وزیر پیوش گویل

اس وقت کے مرکزی وزیر برائے توانائی پیوش گویل کے ساتھ بھٹناگر کی تصویر کا تذکرہ کرتے ہوئے پون کھیڑا نے یہی بھی کہا کہ ’’بھٹناگر کو صرف جنگل کی 140 ایکڑ زمین فیسٹیول کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہی نہیں، وہ ’سوچھ بھارت‘ کے برانڈ امبیسڈر بھی مقرر کیے گئے۔ اس کے علاوہ کانگریس ترجمان نے بتایا کہ 2015 میں اس وقت بھٹناگر کو گرفتار بھی کیا گیا تھا جب انھوں نے 40 کروڑ روپے سنٹرل ایکسائز کی ادائیگی نہیں کی تھی۔ پون کھیڑا کہتے ہیں کہ ڈی پی آئی ایل کی حقیقت اب سامنے آ چکی ہے۔

میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کھیڑا یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’اگر چھوٹا مودی (نیرو مودی) کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر کافی نہیں ہے تو اب چھوٹا امت کا ثبوت موجود ہے... ڈی پی آئی ایل کمپنی کے مالک امت بھٹناگر کی وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر پیوش گویل کے ساتھ تصویر واضح ثبوت ہے جو بتاتی ہے کہ بی جے پی کا دھوکہ بازوں کے ساتھ مضبوط رشتہ ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔