کانگریس نے حکومت پر عائد کیا مہاکمبھ میں ہلاک عقیدتمندوں کی تعداد چھپانے کا سنگین الزام
اجئے رائے نے کہا کہ کچھ لاشوں کو گنگا میں بہا دیا گیا، کچھ لاشوں کو بلڈوزر سے اٹھایا گیا، کچھ کو الیکٹرک کریمیٹوریم میں گمنام طریقے سے جلا دیا گیا اور کچھ لاشیں اب بھی کوڑوں کے ڈھیر میں پڑی ہوئی ہیں۔
اتر پردیش کانگریس کے صدر اجئے رائے نے آج اتر پردیش کی بی جے پی حکومت پر گزشتہ ماہ پریاگ راج مہاکمبھ میں مچی بھگدڑ میں ہلاک اور لاپتہ لوگوں کے صحیح اعداد و شمار چھپانے کا الزام عائد کیا۔ 7 فروری کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کانگریس لیڈر نے حکومت پر یہ الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ ’بے حسی کا عروج‘ ہے۔
اجئے رائے نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’گزشتہ ماہ بدانتظامی کے سبب مہاکمبھ میں مچی بھگدڑ کے سبب سینکڑوں افراد کی موت ہو گئی۔ ہزاروں لوگ زخمی ہوئے اور ہزاروں لوگ لاپتہ ہو گئے۔ اتر پردیش حکومت اتنی بے حس ہے کہ اب تک لاپتہ لوگوں اور مہلوکین کی کوئی صحیح فہرست جاری نہیں کر پائی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’رشتہ دار اپنوں کو تلاش کرتے ہوئے در در بھٹک رہے ہیں، لیکن یوگی حکومت ہے کہ صرف اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے صحیح نمبر چھپا رہی ہے۔ ایسے کئی مہلوکین کی مذہبی طریقے سے آخری رسومات بھی ادا نہیں ہوئی۔ کچھ لاشوں کو گنگا میں بہا دیا گیا، کچھ لاشوں کو بلڈوزر سے اٹھایا گیا، کچھ کو الیکٹرک کریمیٹوریم میں گمنام طریقے سے جلا دیا گیا اور کچھ لاشیں اب بھی کوڑوں کے ڈھیر میں پڑی ہوئی ہیں۔ بے حسی کا یہی عروج ہے شاید۔‘‘
اجئے رائے نے دعویٰ کیا کہ بھگدڑ کے دوران غازی پور کے رہنے والے ڈپٹی انسپکٹر انجنی کمار رائے کی بھی موت ہو گئی۔ بدانتظامی کی یہ حالت تھی کہ پولیس کے اس بہادر سپاہی کو بھی وقت پر ایمبولنس نہیں ملی۔ افسوس یہ ہے کہ حکومت یہ ماننے کو تیار نہیں کہ انجنی کمار رائے کی موت بھگدڑ کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اجئے رائے کا کہنا ہے کہ انجنی کمار کے گھر والوں سے بات کرنے پر اتر پردیش حکومت کے غیر انسانی چہرے کا پتہ چلتا ہے۔ ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ کس طرح انجنی رائے کے جسد خاکی کو لے جانے کے لیے بھی ایمبولنس 11 گھنٹے کے طویل انتظار کے بعد ملی۔
یوپی کانگریس صدر اجئے رائے کا دعویٰ ہے کہ ’’انجنی رائے کے گھر حکوتم کا کوئی نمائندہ نہیں گیا، نہ ہی ان کی شہادت کو قبول کیا۔ جب میں 5 فروری کو ان کے رشتہ داروں سے ملنے ان کے گھر گیا تب اگلے دن 6 فروری کو غازی پور کے پولیس کپتان انجنی کمار رائے کی رہائش پر پہنچے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ یوگی حکومت کا یہ ڈھلمل رویہ، بدتر اور ناکارہ انتظامیہ صرف اپنے نکمے پن کو چھپانے کے لیے پورے جتن کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔