اہل خانقاہ اپنی قدر و منزلت کو پہچانیں، صوفی سجادہ نشین کونسل کا حیدرآباد میں اجلاس

دیوان اجمیر حضرت سید زین العابدین علی خان، وزیرداخلہ تلنگانہ، وزیر کرناٹک، علماء مشائخ کا خطاب

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

حیدرآباد: دیوان حضرت سید زین العابدین علی خان سجادہ نشین بارگاہ خواجہ غریب نوازؒ اجمیر شریف نے کہا کہ اہل خانقاہ کو اپنی مسند کی قدر منزلت کو پہچاننا ہوگا۔ دیوان اجمیر حضرت سید زین العابدین علی خان آج حیدرآباد میں آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے جنوبی ہند کے اجلاس سے بحیثیت سرپرست اعلی خطاب کررہے تھے۔ مولانا سید نصیر الدین چشتی جانشین دیوان اجمیر شریف و صدرنشین کونسل کی صدارت میں تلنگانہ‘ اے پی اور کرناٹک کے سجادگان‘ صوفیاءو مشائخ کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرداخلہ تلنگانہ جناب محمد محمود علی‘ ریاستی وزیر کرناٹک بنڈپا قاسم پور‘ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری سجادہ نشین‘ مولانا سید شاہ حسن شبیر محمد محمد الحسینی عقیل بابا سجادہ نشین روضہ منورہ خورد گلبرگہ شریف و متولی حضرات یوسفینؒ‘ مولانا سید سبطین رضی گدی نشین بارگاہ حضرت سید نظام الدین اولیاءنئی دہلی‘ مولانا محمد افضل الدین جنیدی سراج بابا جانشین بارگاہ شیخ دکن گلبرگہ اور دوسرے شہ نشین پر شریک تھے۔

اہل خانقاہ اپنی قدر و منزلت کو پہچانیں، صوفی سجادہ نشین کونسل کا حیدرآباد میں اجلاس

جانشین دیوان اجمیر مولانا سید نصیر الدین چشتی صدرنشین آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل نے کہا کہ خانقاہ کی مسند بہت بڑی ذمہ داری ہے ۔ گذشتہ دور میں اسلام کو فروغ خانقاہوں کے ذریعہ حاصل ہوا‘ مدرسوں کے ذریعہ نہیں پھیلا۔ انہوں نے کہا کہ اہل خانقاہ کا کوئی عالمی طرز کا دینی تعلیمی ادارہ نہیں ہے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تعلیم‘ محبت و بھائی چارہ کے پیام کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے تنظیم کے استحکام اور مسائل کی یکسوئی کے لئے تحریری طور پر مسائل کو حوالہ کرنے کی اپیل کی۔ اجلاس میں خانقاہوں سے توحید اور محبت کے پیام کے علاوہ دہشت گردی کی مذمت کرنا ضروری ہے کیونکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے۔
اس موقع پر ان کی اپیل پر کشمیر کے پلوامہ‘ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی اور مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ دیوان جی نے قانون وقف کے ضمن میں سپریم کورٹ کے مقدمات کا حوالہ دیا اور خانقاہوں کے ذمہ داران کو ممکنہ قانونی مدد کا تیقن دیا۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری‘ مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی‘ مولانا ابوالفتح بندگی بادشاہ قادری‘ مولانا ڈاکٹر سید تنویر الدین خدانمائی افتخاری‘ سید مولانا سید محمد علی قادری الہاشمی ممشاد پاشاہ‘ مولانا حافظ سید رضوان پاشاہ قادری‘ مولانا سید کاشف محمد محمد الحسینی‘ مولانا سید نور الدین باشاہ رائچور نے بھی خطاب کیا۔

اہل خانقاہ اپنی قدر و منزلت کو پہچانیں، صوفی سجادہ نشین کونسل کا حیدرآباد میں اجلاس

مولانا سید شاہ یداللہ محمد محمد الحسینی نظام بابا نے روضہ منورہ خور گلبرگہ شریف نے خانقاہی مدرسہ کے لئے گلبرگہ میں اراضی کی پیشکش کا اعلان کیا۔ جناب محمد محمود علی وزیرداخلہ تلنگانہ نے کہا کہ اجمیر شریف میں بہت جلد دیوان جی کی سرپرستی میں حیدرآبادی رباط کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کی اقلیت دوستی کی کئی مثالیں پیش کیں۔ مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی جنرل سکریٹری کونسل و انچارج تلنگانہ نے خیرمقدمی خطاب کیا اور کہا کہ ملک بھر کے سجادگان کے مسائل دیوان اجمیر شریف کے پرچم تلے جمع ہوکر حل کئے جائیں گے۔ اجلاس میں خانقاہی نظام کا احیاءو استحکام‘ درگاہوں اور خانقاہوں میں اعلیٰ پیمانہ پر دینی اور عصری درسگاہوں کا قیام‘ حب الوطنی کے فروغ‘ وقف کے قوانین کو بارگاہوں کے سجادگان اور مشائخ حضرات سے مشاورت کرکے مرتب کرنے اور درگاہوں و خانقاہوں کے تحفظ و قانونی چارہ جوئی کےلئے مشترکہ حکمت عملی اختیارکرنے‘ تمام مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر لانے‘ درگاہوں اور خانقاہوں کے مقدمات کے ضمن میں مرکزی سطح پر قانونی امداد اور رہنمائی کا تیقن دیا گیا۔مولانا سید مسعود حسین مجتہدی‘ مولانا محمد حسین علی بختیار بابا ابوالعلائی‘ مولانا صوفی قیصر علی ابوالعلائی سجادہ نشین خانقاہ حضرت شیخ جی حالیؒ شانتی نگر‘ تلنگانہ‘ اے پی و کرناٹک کے صوفیائ‘ سجادگان اور مشائخ حضرات کی کثیر تعداد شریک تھی۔ مولانا میر فراست علی شطاری‘ مولانا سید شاہ ابوتراب قادری چشتی‘ مولانا سید اویس محمد محمد الحسینی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور اُنہیں تہنیت پیش کی۔ جناب خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔

اہل خانقاہ اپنی قدر و منزلت کو پہچانیں، صوفی سجادہ نشین کونسل کا حیدرآباد میں اجلاس

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔