ہندوستان کے آرمی، فضائیہ اور بحریہ کے اعلیٰ ریٹائرڈ افسروں کے ذریعہ ’دھرم سنسد‘ کی مذمت قابل تعریف: سیف الدین سوز

سیف الدین سوز نے کہا کہ ’’میں فرقہ واریت پھیلانے کے لیے دھرم سنسد کے نام نہاد لیڈروں کے قابل اعتراض بیان کی مذمت کرتا ہوں اور سیکولر قوتوں کو مرحبا کہتا ہوں جو امن و سکون کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں‘‘۔

سیف الدین سوز، تصویر آئی اے این ایس
سیف الدین سوز، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر سیف الدین سوز نے ایک بیان جاری کر ان لوگوں کی تعریف کی ہے جنھوں نے ہریدوار دھرم سنسد کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ سیف الدین سوز نے بیان میں کہا کہ ’’ہری دوار میں 17-19 دسمبر 2021ء کے موقع پر نام نہاد دھرم سنسد کے لیڈروں نے ہندو راشٹرا قائم کرنے کے لئے علاوہ مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی تھی، جس کے خلاف اب اور لوگوں کے علاوہ آرمی، بحریہ اور فضائیہ کے رہنماﺅں نے پر زور مذمت کی ہے۔ یہ جمہوری ہندوستان میں سوچ کی ایک خوش آئند کیفیت ہے۔‘‘

بیان میں وہ آگے کہتے ہیں ’’ملٹری ، فضائیہ اور بحریہ کے ان اعلیٰ حکام نے صدر جمہوریہ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو یاد دلایا ہے کہ اس قسم کی فرقہ ورانہ کاروائیوں اور بیانات سے ملک کے امن و سکون میں خلل پڑ سکتا ہے اور اس لئے ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے! ایڈمرل رام داس اور دوسرے ملٹری، فضائیہ اور بحریہ کے بہت سارے افسروں نے صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ ایسے بے لگام نام نہاد ہندو لیڈروں کو لگام لگانی چاہئے، جو کھلے عام فرقہ ورانہ فضاء قائم کرنے کے لئے کوشش کر رہے ہیں!‘‘


سیف الدین سوز نے بتایا کہ مختلف ایجنسیوں اور اخباروں کے علاوہ دی پرنٹ (The Print) نے اپنی اشاعت 31 دسمبر2021 کے دن اُن سارے شہریوں کی فہرست شائع کی ہے جنہوں نے صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کے پاس ان فرقہ پرستانہ تقاریر کا نوٹس لینے کے لئے اور قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے کہا جو دھرم کے نام پر ملک میں فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں! اسی اثناء میں 73 قانون دانوں اور وکلاء نے احتجاج کیا ہے کہ ایسے گمراہ لوگ اپنے فرقہ ورانہ بیانات سے ملک کی پر امن فضاء کو بگاڑ رہے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔ ان وکلاء نے صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کو بھی میمورنڈم دیا ہے۔

سیف الدین سوز نے بیان کے آخر میں کہا کہ میں ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کے لئے دھرم سبھا کے نام نہاد لیڈروں کے قابل اعتراض بیان کی مذمت کرتا ہوں اور دوسری طرف اُن سکیولر قوتوں کو مرحبا کہتا ہوں جو ملک میں امن و سکون کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں!“

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔