رام نومی کے بعد بہار کے سہسرام اور نالندہ میں فرقہ وارانہ تشدد، پتھراؤ اور گولی باری سے دہشت کا ماحول

جمعہ کے روز سہسرام ضلع میں فرقہ وارانہ کشیدگی والا ماحول دیکھنے کو ملا، دو طبقات کے لوگوں میں پتھر بازی اور گولی باری ہوئی جس میں دو پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

رام نومی کے اختتامی جلوس کے دوران آج بہار کے سہسرام اور نالندہ میں فرقہ وارانہ تشدد کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد دونوں ہی شہروں میں دہشت اور کشیدگی والا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سہسرام میں تو حالات کو بگڑنے سے بچانے کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ نالندہ میں گولی باری اور پتھراؤ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ دونوں ہی شہروں میں پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے اور کسی بھی مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ پوری طرح مستعد ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نالندہ کے لہیری تھانہ واقع دیوان علاقہ میں مبینہ طور پر ایک مذہبی مقام سے پتھراؤ کے بعد ہنگامہ شروع ہوا۔ رام نومی جلوس میں شامل لوگوں کی نعرہ بازی کے درمیان پتھراؤ کے بعد دو فریق کے لوگ آپس میں متصادم ہو گئے اور دونوں طرف سے خوب پتھراؤ ہوا۔ ناراض لوگوں نے آگ زنی بھی کی۔ ایک فریق کی طرف سے گولی باری بھی کی گئی جس میں جلوس میں شامل دو نوجوان زخمی ہو گئے۔ دونوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے اور ان کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔


واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ پولیس نے پہلے تو دونوں فریقین کے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ جب لوگ سمجھنے کو تیار نظر نہیں آئے تو پولیس نے شرپسندوں کو کھدیڑ دیا۔ بعد ازاں پولیس نے مائک کے ذریعہ لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ روڑے بازی میں ایک درجن افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق رام نومی کے اختتامی جلوس کے موقع پر ایک فریق کے ذریعہ جلوس نکالا گیا تھا۔ جلوس دیوان گنج علاقہ کے ایک مذہبی مقام پر پہنچا تو کسی نے پتھر بازی شروع کر دی۔ پھر دونوں ہی طرف سے پتھراؤ ہونے لگا۔

اس سے قبل جمعہ کے روز ہی سہسرام ضلع میں فرقہ وارانہ کشیدگی والا ماحول دیکھنے کو ملا۔ دو طبقات کے لوگوں میں پتھر بازی اور گولی باری ہوئی جس میں دو پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ ایڈمنسٹریشن کے ذریعہ اس سلسلے میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ تشدد والے حالات کو دیکھتے ہوئے سہسرام کے کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی ٹیمیں حالات قابو کرنے میں مصروف ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں فریقین کے تنازعہ کے بعد پتھر بازی اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ ایک جھونپڑی نما دکان میں آگ لگنے کے بعد کشیدگی کے حالات پیدا ہو گئے۔ تشدد کے پیش نظر ضلع کے قادر گنج مبارک گنج چوکھنڈی نورتن بازار میں دکانیں بند کر دی گئیں۔ واقعہ کے بعد روہتاس ضلع مجسٹریٹ دھرمیندر کمار اور ایس پی ونیت کمار پولیس فورس کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق اب حالات قابو میں ہیں۔


میڈیا ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق واقعہ کے بعد گولہ بازار جانے والی سڑکوں پر ہر طرف پتھر پھیلا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس علاقے میں کئی موٹر سائیکل کے ساتھ بھی توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک علاقے میں تصادم والا ماحول دیکھنے کو ملا۔ کسی طرح کی افواہ سے حالات مزید خراب نہ ہوں، اس لیے علاقے میں انٹرنیٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔