ملک کے لئے جانیں قربان کرنے کاعزم ہی شہیدوں کو سچا خراج عقیدت: مودی

پی ایم مودی نے ’چوری چورا‘ کے صد سالہ تقریب کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی لڑائی کے دوران ایسے بہت کم مواقع ہوں گے جب انگریزوں نے ایک ساتھ 19 لوگوں کو پھانسی دی ہو۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

گورکھپور: تحریک آزادی کو مہمیز دینے والے چوری چورا واقعہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کے لئے جانیں قربان کرنے کاعزم ہی شہداء کو سچا خراج عقیدت ہوسکتی ہے، پی ایم مودی نے جمعرات کو ’چوری چورا‘ کے صد سالہ تقریب کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی لڑائی کے دوران ایسے بہت کم مواقع ہوں گے جب انگریزوں نے ایک ساتھ 19 لوگوں کو پھانسی دی ہو۔ ان شہیدوں کو تاریخ کے صفحات میں مناسب مقام نہیں دیا گیا لیکن ان بہادر شہیدوں نے آزادی کی لڑائی کو نئی سمت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

وزیراعظم نے چوری چورا مہوتسو کے موقع پر پانچ روپئے کے ایک ڈاک ٹکٹ کو بھی جاری کیا۔ اس موقع پر چوری چورا تھیم گانے کو بھی پیش کیا گیا جبکہ محکمہ اطلاعات نے چورا چوری واقعہ پر مبنی ڈاکیومنٹری کی پیشکش کی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے۔ مدن موہن مالویہ اور بابا راگھو داس کا خصوصی ذکر کر تے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ چوری چورا کے واقعہ سے حواس باختہ انگریزی حکومت نے حالانکہ 172 لوگوں کو پھانسی دینے کا منصوبہ بنایا تھا اور بابا راگھو داس کی کوششوں سے تقریباً 150 لوگوں کی پھانسی کی سزا ٹال دی گئی تھی۔ چورا چوری کی پاک سرزمین پر بہادر شہیدوں کو یاد کرنے کے لئے صدسالہ تقریب کا یہ انعقاد اور اہم ہوگیا ہے جب ملک آزادی کی 77ویں سال میں داخل ہو رہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ کورونا بحران میں ہندوستان میں بنی ویکسین کی دنیا کے کئی ممالک میں طلب بڑھی ہے۔ دنیا کے بڑے ممالک کے مقابلے ہندوستان میں ٹیکہ کاری کی رفتار کہیں زیادہ ہے۔ دنیا میں ہندوستان کو اس مقام پر دیکھ کر مجاہدین آزادی کی روح کو فخر محسوس ہو رہا ہوگا۔ مودی نے کہا کہ حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش بجٹ کے بارے میں ماہرین معشیات کا قیاس تھا کہ کورونا بحران کے سخت چیلنج سے نپٹنے کے لئے حکومت سود کا بوجھ عام شہریوں پر ڈالے گی لیکن ملکی باشندوں پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا ہے بلکہ چیلنجز کے حل کے لئے یہ بجٹ تیزی فراہم کرے گا۔ طبی خدمات کو مزید پختہ کرنے کا نظم بجٹ میں بھی کیا گیا ہے۔ تعمیراتی شعبے کو مضبوطی، روزگار کے مواقع اور کسانوں کو مستحکم بنانے میں بجٹ معاون ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک دہائیوں سے بجٹ کا مطلب صرف اعلانات رہ گیا تھا جسے پورا نہیں کیا جاتا تھا۔بجٹ کو حساب کتاب کا بہی کھاتہ بنا دیا گیا تھا لیکن اب سوچ اور اپروچ کو تبدیل کیا گیا ہے۔ اعتماد کی جو رفتار ہم نے شروع کی ہے وہ نئے ہندوستان کی تعمیر کے ساتھ پورا ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ترغیب سے ان کی حکومت نے یہ صد سالہ تقریب کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا۔ چورا چوری کا واقعہ تحریک آزادی کو نئی سمت فراہم کیا تھا۔ 4 فروری 1922 کو جدوجہد آزادی میں یہاں پولیس اور مقامی افراد کے درمیان ہوئی جھڑپ میں پولیس کی گولی سے تین مجاہدین آزادی شہید ہوئے تھے۔ اس کے بعد 228 افراد پر برطانیہ حکومت نے مقدمہ چلایا تھا جن میں 225 کو سزادی گئی تھی۔


انہوں نے کہا کہ 1857 میں آزادی کی پہلی لڑائی سے آزادی کے حصول تک اور اس کے بعد ملک کے تحفظ میں شہید ہوئے بہار شہیدوں کے اعزاز و احترام میں یہ پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔ ہر اسمارک پر پولیس بینڈ، دیپ اتسو و حب الوطنی کے گیتوں کو گنگنانے کا پروگرام ہوگا۔ کالجوں میں طرح طرح کے مسابقوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔