مہا گٹھ بندھن کی حکومت بننے پر معذوروں کیلئے وزارت اور کمیشن بنے گا: تیجسوی
تیجسوی یادو نے کہا کہ سماجی تحفظ پنشن کے تحت معذوروں، بیواؤں اور بزرگوں کو ہر ماہ 1500 روپے دیئے جائیں گے اور ہر سال 200 روپے کا اضافہ کیاجائے گا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر رہنما تیجسوی یادو نے آج کہا کہ ریاست میں جب مہاگٹھ بندھن حکومت بنے گی تو معذوروں کے لیے وزارت معذوری اور کمیشن بنایا جائے گا۔ بدھ کو یہاں ایسوسی ایشن آف پرسنس ودھ ڈسیبلیٹیزکے زیراہتمام ریاست گیر دیویانگ ادھیکار سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ جب بہار میں مہاگٹھ بندھن حکومت بنے گی تو معذوروں کے لیے ایک وزارت اور کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنچایتی راج اور بلدیاتی انتخابات میں معذوروں کے لیے علیحدہ ریزرویشن کا انتظام کیا جائے گا۔ ریاستی مشاورتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ معذوروں کے حقوق کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ حکومت کے قیام کے 100 دنوں میں معذور افراد کا بیک لاگ مکمل کیا جائے گا۔ دیویانگ متروں کو ہر پنچایت میں تعینات کیا جائے گا۔ ہاؤسنگ اسکیم میں پانچ فیصد ریزرویشن کا انتظام کیا جائے گا۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ سماجی تحفظ پنشن کے تحت معذوروں، بیواؤں اور بزرگوں کو ہر ماہ 1500 روپے دیئے جائیں گے اور ہر سال 200 روپے کا اضافہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مائی بہن مان یوجنا کے تحت ہر ماہ 2500 روپے دیئے جائیں گے۔ معذور افراد کے لیے ہر ضلع میں خصوصی اسکول قائم کیے جائیں گے۔ معذوری کے سرٹیفکیٹ بنانے کی سہولت کو آسان بنایا جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پٹنہ کے پی ایم سی ایچ سمیت تمام اضلاع کے ضلع اسپتالوں میں معذوروں کے علاج کے لیے بہتر سہولیات کے ساتھ ساتھ بستر مختص کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے لیے الگ اسٹیڈیم اور کوچز کا انتظام کیا جائے گا۔ بصارت سے محروم افراد کوا سمارٹ فون اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزارت معذوری کے لیے الگ بجٹ کی رقم بھی مختص کی جائے گی، تاکہ معذور افراد کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔