نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کمرشیل پروازیں شروع، انڈیگو بنی فلائٹ آپریشن شروع کرنے والی پہلی ایئر لائن

حکمت عملی کے لحاظ سے یمنا ایکسپریس وے کے کنارے واقع نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو علاقے کے لیے ایک اہم ہوا بازی اور لاجسٹک مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

قومی راجدھانی سے متصل اتر پردیش کے نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پیر( 15 جون) کو کمرشیل پروازیں باضابطہ طور پر شروع ہوگئیں، جس سے شمالی ہندوستان میں ہوائی رابطے کو فروغ ملا ہے۔ کم لاگت والی ایئر لائن انڈیگو نے جیور واقع نوئیڈا انٹرنیشنل ایئر پورٹ (این آئی اے) سے فلائٹ آپریشن شروع کرنے والی پہلی ایئر لائن بن کر تاریخ رقم کردی۔ ایئرلائن کے مطابق پہلی پرواز لکھنؤ سے نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی، جب کہ اس کے فوراً بعد پہلی پرواز بنگلورو کے لیے روانہ ہوئی۔

انڈیگو اب اس نئے ہوائی اڈے کو ملک بھر کے 16 سے زیادہ مقامات سے براہ راست جوڑ ے گی۔ اس کے ساتھ ہی امرتسر-جودھپور، بریلی-بھوپال، جے پور اور جودھپور، دھرمشالہ-جودھپور، چنڈی گڑھ-بریلی، کشن گڑھ اور پنت نگر، جموں-جودھپور، جے پور-دھرمشالہ اور پنت نگر، کشن گڑھ-بھوپال نیز پنت گر-جے پور اور جودھپور جیسے 14 شہروں کے درمیان ون اسٹاپ کنیکٹیویٹی بھی فراہم ہوگی۔ ان کنکشنز سے ٹیئر-2 اور ٹیئر-3 شہروں کو بڑے مہانگروں سے بہتر ہوائی رابطہ ملے گا جس سے مسافروں کے لیے ہوائی سفر زیادہ آسان اور آرام دہ ہو جائے گا۔


انڈیگو کے چیف اسٹریٹجی آفیسر آلوک سنگھ  نے کہا کہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح ہندوستان کی ہوابازی کی کہانی میں ایک نیا باب ہے۔ دہلی-این سی آر اب دنیا کے ان چنندہ میٹرو پولیٹن شہروں میں شامل ہو گیا ہے جہاں ایک سے زیادہ ہوائی اڈے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ حکمت عملی کے لحاظ سے یمنا ایکسپریس وے کے کنارے واقع نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو علاقے کے لیے ایک اہم ہوا بازی اور لاجسٹک مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جس سے موجودہ فضائی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔

نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے وائس چیئرمین کرسٹوف اشنیل مین نے کہا کہ انڈیگو کی پہلی پروازوں کا خیرمقدم کرنا ہمارے لیے ایک نئے باب کی شروعات ہے۔ لانچ کیریئر کے طور پر انڈیگو پہلے دن سے ہی این آئی اے کو ہندوستان کے اہم شہروں سے جوڑے گی، جس سے مسافروں کو زیادہ متبادل اور سہولت ملے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ ہم انڈیگو کے ساتھ مل کر مسافروں کو آسان سفر کا تجربہ فراہم کرنے اور خطے میں ہوا بازی، تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے کو لے کر پرجوش ہیں۔ حکام کے مطابق ہوائی اڈے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اس میں سالانہ تقریباً 1.2 کروڑ مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت ہے۔  ہوائی اڈے کے آپریشنل انفراسٹرکچر میں ایک رن وے، مربوط ٹرمنل بلڈنگ اور ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور شامل ہیں

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔