شمالی ہند میں سردی کی شدت، شوپیاں سرد ترین مقام، ڈل جھیل جزوی طور پر منجمد
شمالی ہند میں سرد لہر جاری، شوپیاں سب سے سرد مقام رہا۔ محکمہ موسمیات نے 8 دسمبر سے مغربی ہمالیہ میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے
کشمیر میں سردی (فآئل) / تصویر یو این آئی
دہلی این سی آر سمیت پورے شمالی ہند میں رفتہ رفتہ ٹھنڈ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سرد لہر چلنے سے اب دن میں ٹھنڈ کا زیادہ احساس ہوتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 8 دسمبر سے ایک نیا 'ویسٹرن ڈسٹربینس' مغربی ہمالیائی علاقہ اور شمال مشرقی ہند کے میدانی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ اس سے مغربی ہمالیہ میں ہلکی بارش اور برفباری کے آثار ہیں۔
خشک موسم کے درمیان پوری وادیٔ کشمیر میں ہڈی کانپنے والی ٹھنڈ پڑنے لگی ہے۔ درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ آئی ہے اور پارہ نیچے چلا گیا ہے۔ جمعرات کی رات کو کشمیر کے سبھی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مزید نیچے گیا۔ سری نگر میں مائنس 4٫1 ڈگری کے ساتھ موجودہ سردیوں کی سب سے ٹھنڈی رات رہی۔ جنوبی کشمیر میں شوپیاں مائنس 6٫6 ڈگری درجہ حرارت کے ساتھ پہلگام اور گلمرگ سے بھی زیادہ ٹھنڈ رہا۔ یہ جموں وکشمیر کا سب سے ٹھنڈا مقام رہا۔ پہاڑوں پر برفباری سے منالی-لیہ شاہراہ کو بند کرنا پڑا ہے۔
شدید ٹھنڈ میں ڈل جھیل سمیت وادی کے زیادہ تر آبی ذرائع جزوی طور پر جمے رہے، جبکہ نلوں میں پانی دوپہر تک جما رہا۔ محکمہ موسم سائنس نے ہفتہ کو بھی خشک موسم رہنے کے آثار ظاہر کیے ہیں۔ اس کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کا امکان ہے۔
وہیں اتراکھنڈ میں اب موسم کا مزاج مسلسل بدل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ آج ویسٹرن ڈسٹربینس کے اتراکھنڈ اور آس پاس کی ریاستوں میں فعال ہونے کے آثار نظر آ رہے ہیں جس کے بعد ہمالیہ کی چوٹیوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ ہفتہ کی شام تک اتراکھنڈ سمیت دیگر ہمالیائی علاقوں میں ویسٹرن ڈسٹربینس کے فعال ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔