موسم کا حال: مئی میں سردی نے توڑا ریکارڈ، 3 مئی 122 سال میں تیسرا سب سے سرد دن

محکمہ موسمیات کے عہدیداران کے مطابق ویسٹرن ڈسٹربنس کے سبب دہلی میں مطلع غیر معمولی طور پر ابر آلود رہنے، بارش اور گرمی نیں سردی کا احساس ہو رہا ہے

دہلی میں دھند، تصویر آئی اے این ایس
دہلی میں دھند، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں جمعرات کی صبح موسم کا مختلف انداز نظر آیا۔ عام طور پر مئی میں شدید گرم ہواؤں کی زد میں رہنے والی دہلی صبح کے وقت دھند کی چادر میں لپٹ گئی تھی۔ لوٹین زون میں تو حد نگاہ 50 سے 100 میٹر کے فاصلے پر بھی کچھ نظر نہیں آ رہا تھا۔

دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں مئی کا مہینہ عام طور پر سال میں سب سے زیادہ گرم ہوتا ہے۔ مئی میں اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 ڈگری سیلسیس ہے لیکن جمعرات یعنی 5 مئی کو کم سے کم درجہ حرارت 15.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ یہ 1901 کے بعد مئی کی تیسری سرد ترین صبح تھی۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کی پوری تاریخ میں مئی میں یہ تیسری سب سے بڑی سردی ہے۔


آئی ایم ڈی کے حکام کے مطابق، شمال مغربی ہندوستان کو لگاتار متاثر کرنے والے ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے دہلی میں موسم گرما میں مطلع غیر معمولی طور پر ابر آلود ہے، بارش ہو رہی ہے اور سردی محسوس کی جا رہی ہے۔ دہلی این سی آر کے باشندوں کے لیے راجدھانی میں دھند زدہ صبح کی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اور وہ دہلی کا موازنہ کسولی اور شملہ جیسے پہاڑی مقامات سے کرتے نظر آئے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھا کہ ہوا میں زیادہ نمی، پرسکون ہواؤں اور دن اور رات کے درجہ حرارت میں کافی فرق کی وجہ سے دھند کے لیے سازگار حالات پیداد ہو گئے۔

دہلی کی صفدرجنگ معیاری آبزرویٹری کے مطابق جمعرات کی صبح 8.30 بجے ختم ہونے والے 24 گھنٹوں میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے نو ڈگری سیلسیس کم ہے۔ دہلی میں 4 مئی کو کم سے کم درجہ حرارت 15.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو 1901 کے بعد سے اس مہینے کا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔


اس سے قبل 2 مئی 1969 کو پارہ 15.1 ڈگری سیلسیس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ 2 مئی 1982 کو اس مہینے کا سب سے کم درجہ حرارت 15.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق جمعہ کو کچھ دیر کے لیے ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ 5 مئی کو صبح کا درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس اور دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔