دہلی- این سی آر میں ہلکی بارش کے بعد سردی میں اضافہ، خوشگوار دن کے ساتھ ہوئی فروری کی شروعات
آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ مغربی طلاطم مسلسل متحرک ہیں جس کی وجہ سے فی الحال موسم کے مستحکم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں اور لوگوں کو آئندہ چند دنوں تک موسم کے حوالے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

دہلی-این سی آر میں ایک بار پھر موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے۔ نصف شب سے ہونے والی بارش کی وجہ سے پورے خطے میں درجہ حرارت کم ہوگیا ہے۔ مغربی طلاطم کے سبب پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، جس سے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کئی ریاستوں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ یکم فروری سے شروع ہونے والی اس تبدیلی کے سبب آنے والے کچھ دنوں تک سردی، بارش اور تیز ہواؤں کا دور جاری رہ سکتا ہے۔
دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں رات بھر ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور رات کے وقت گاڑی چلانے والوں کو بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ رات گئے ہونے والی بارش سے ٹریفک جام تو نہیں ہوا لیکن گاڑیوں کی رفتار ضرور کم ہوگئی۔ آئی ایم ڈی نے پہلے مغربی طلاطم کی وجہ سے وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ اتوار کی صبح بھی مطلع ابر آلود رہا اور ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی میں مزید شدت آگئی۔
یہ تبدیلی صرف دہلی-این سی آر تک محدود نہیں ہے بلکہ پورے شمالی ہندوستان میں موسم کا اثر صاف دکھائی دے رہا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مسلسل ہورہی برفباری سے سرد ہوائیں میدان ی علاقوں تک پہنچ گئی ہیں۔ آئی ایم ڈی کے مطابق صبح اور رات کے اوقات میں حد بصارت نمایاں طور پر کم ہو سکتی ہے جس سے سڑک اور ریل ٹریفک میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہے۔ اس موسمی عدم استحکام سے لوگوں کی روزمرہ کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 3 فروری کے درمیان مغربی ہمالیائی علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش اور برفباری جاری رہ سکتی ہے۔ شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کے کئی حصوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں گراوٹ آئے گی جبکہ راتیں کم سرد رہ سکتی ہیں۔ دہلی-این سی آر میں دن بھر گرج چمک اور بارش کی توقع ہے اور شام سے رات تک تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے سردی کا احساس مزید بڑھ جائے گا۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ مغربی طلاطم مسلسل متحرک ہیں جس کی وجہ سے فی الحال موسم کے مستحکم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں اور لوگوں کو آئندہ چند دنوں تک موسم کے حوالے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔