کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر سمندر میں حادثہ کا شکار، 2 افراد کی موت، لاپتہ پائلٹ کی تلاش جاری

ہیلی کاپٹر 2 ستمبر کی شب موٹر ٹینکر ہری لیلا سے سنگین طور پر زخمی پائلٹ ٹیم کے رکن کو ایئرلفٹ کرنے کے لیے ایک ایمرجنسی مشن پر گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / ٹوئٹر / @IAF_MCC</p></div>

علامتی تصویر / ٹوئٹر / @IAF_MCC

user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی ساحلی محافظ (انڈین کوسٹ گارڈ) کا ایک ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر (اے ایل ایچ) ایم کے3- مشن کے دوران سمندر میں حادثہ کا شکار ہو گیا۔ طیارہ کا فریم نمبر سی جی 863 ہے اور وہ ایک میڈیکل ایویکویشن مشن پر تھا۔ ہیلی کاپٹر 2 ستمبر کی شب موٹر ٹینکر ہری لیلا سے سنگین طور پر زخمی پائلٹ ٹیم کے رکن کو ایئرلفٹ کرنے کے لیے ایک ایمرجنسی مشن پر گیا تھا۔

ہندوستانی بحریہ اور دیگر ایجنسیوں کی شراکت داری کے ساتھ کوسٹ گارڈ کی قیادت میں تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ حادثہ کی جانچ میں مدد کے لیے گرے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ملبہ کی بھی تلاش جاری ہے۔ افسران نے بتایا کہ ’’ہم گہرائی کے ساتھ تلاشی مہم کے لیے دو طیارے اور چار جہاز تعینات کر رہے ہیں۔ ہم نے ہندوستانی بحریہ سے مدد مانگی ہے اور سائیڈ اسکین سونار تکنیک سے لیس ایک جہاز کے جلد ہی اس مشن میں شامل ہونے کی امید ہے۔‘‘


بتایا جاتا ہے کہ جب ہیلی کاپٹر نیچے گرا تو اس میں چار لوگ (دو پائلٹ اور دو ایئر کرو غوطہ خور) سوار تھے۔ حادثہ کے بعد انڈین کوسٹ گارڈ نے بڑے پیمانے پر تلاشی اور بچاؤ مہم چلائی۔ پائلٹ ٹیم کے ایک رکن کو بچا لیا گیا ہے جب کہ دو دیگر کو بچایا نہیں جا سکا۔ مہلوکین کی شناخت کمانڈنٹ (جونیئر گریڈ) ویپن بابو اور ہیڈ کشتی راں کرن سنگھ کی شکل میں ہوئی ہے۔ ان کے باقیات سمندر سے برآمد کر لیے گئے ہیں اور فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائے گی۔

حادثہ کی وجہ کی جانچ کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دی گئی ہے۔ کیرالہ کے الپوژا باشندہ کمانڈنٹ بابو اور ہریانہ کے جھجر باشندہ کرن سنگھ کا جسد خاکی آکری رسومات کے لیے ان کے کنبوں کو سونپ دیا گیا ہے۔ ٹی ایم کمانڈنٹ راکیش کمار رانا کا پتہ لگانے کے لیے تلاشی مہم اب بھی جاری ہے۔ وہ حادثہ کے وقت ہیلی کاپٹر کے پائلٹ تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔