موٹے اناج کی بڑے پیمانے پر خریداری کی جائے گی، وزیر زراعت نریندر تومر کا اعلان

نریندر تومر نے کہا کہ ریاستوں کو کم از کم امدادی قیمت پر موٹے اناج (جوار، باجرا، راگی وغیرہ) کی خریداری کے لیے مرکز کو تجاویز بھیجنی ہوں گی اور اس کی بنیاد پر انہیں فنڈز دستیاب کرائے جائیں گے۔

مرکزی وزیر زراعت نریندر تومر/ آئی اے این ایس
مرکزی وزیر زراعت نریندر تومر/ آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: زراعت کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے جمعرات کو کہا کہ غذائیت سے بھرپور موٹے اناج کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے اس بار اس کی بڑے پیمانے پر خریداری کی جائے گی اور اس کے لیے ریاستوں کو مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ تومر نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کو کم از کم امدادی قیمت پر موٹے اناج (جوار، باجرا، راگی وغیرہ) کی خریداری کے لیے مرکز کو تجاویز بھیجنی ہوں گی اور اس کی بنیاد پر انہیں فنڈز دستیاب کرائے جائیں گے۔ ریاستوں کے ذریعہ جو موٹا اناج خریدا جائے گا اسے عوامی تقسیم کے نظام کے توسط سے تقسیم کرنا ہوگا۔

نریندر سنگھ تومر نے بتایا کہ گزشتہ سال سات ریاستوں نے 13 لاکھ ٹن موٹے اناج کی خریداری کی تھی۔ اس بار مزید ریاستوں کو موٹے اناج کی خریداری کے لیے ترغیب دی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2023 کو موٹے اناج کا بین الاقوامی سال قرار دیا گیا ہے۔


وزیر زراعت نے کہا کہ دالوں اور تیل کے بیجوں کی بھی کم سے کم امدادی قیمت پر خریداری کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو مناسب قیمتیں مل رہی ہیں۔ دال کے معاملے میں ہمارا ملک تقریباً خود کفیل ہو گیا ہے، جب کہ تیل کے بیجوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔

نریندر سنگھ تومر نے 'ایک ملک ایک راشن کارڈ' اسکیم اور جدید ٹیکنالوجی سے لوگوں کو ہونے والے فوائد کے بارے میں تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ کہیں بھی لوگ عوامی تقسیم نظام کے تحت دکانوں سے اپنا راشن آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔