انصاف کے حق میں کھڑا ہونے پر مجھے ’چھوٹا‘ بھی کہا جائے تو منظور ہے: بھوپیش

’مالک اس طرح کا بڑپن کبھی نہ دے جو مجھے اپنے جدوجہد کے دنوں کے ساتھیوں کو بھلا دے،جو دبے، کچلےاور متاثرین کی خبر گیری سے روک دے۔ آپ کا ’بڑپن‘ آپ کو مبارک، رمن سنگھ جی! میں چھوٹا آدمی ہی بہتر ہوں‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رائے پور: چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اپنے بارے میں سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ کے چھوٹا آدمی کہنے کے جواب میں اپنے ٹوئٹر ہینڈل میں نام کے آگے ’چھوٹا آدمی‘ لگا لیا اور کہا،‘....ہاں! میں چھوٹا آدمی ہوں‘۔

بگھیل نے فیس بک اور ٹوئٹر پر پوسٹ کیا کہ وہ (رمن سنگھ) قدآور ہیں، سیاسی رہنما ہیں۔ عمر میں مجھ سے بڑے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ رہے ہیں، مرکزی وزیر رہے ہیں، 15 برسوں تک چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ رہے ہیں تو ظاہر سی بات ہے کہ وہ ’بڑے آدمی‘ بن گئے ہیں۔ میں ان کے ’بڑپن‘ کو سلام کرتا ہوں۔

قابل ذکر ہے کہ بھوپیش بگھیل نے یہ پوسٹ آج اس مبینہ ویڈیو کے بارے لکھا ہے جس میں سابق وزیرا علیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ صحافیوں سے گفتگو کرتے نظر آرہے ہیں کہ وہ (بھوپیش) چھوٹے آدمی ہیں، چھوٹے من سے چھوٹی چھوٹی حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں قبول کرتا ہوں کہ میں ’چھوٹا آدمی‘ ہوں۔ کسان کا بیٹا ہوں۔ کھیت کھلیانوں میں کام کاج کے ساتھ پڑھائی کرتے ہوئے بڑا ہوا ہوں۔ ہل چلایا، ٹریکٹر چلایا، دھان کاٹا اور پیٹا ہے۔ منڈی میں جاکر دھان بیچا ہے۔ عوام کے ساتھ جدو جہد کرتے کرتے سیاست میں آیا ہوں تو میری سیاست سماج کے اس طبقے سے جڑی رہی جو دبے تھے، کچلے تھے اور ضرورت مند تھے۔

بھوپیش بگھیل نے کہا کہ گذشتہ الیکشن کے بعد عوام نے کانگریس کو اکثریت دی۔ مجھے میری پارٹی نے وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کا موقع دیا تو میری حکومت نے ان امور پر توجہ مرکوز کی جو گذشتہ کئی برسوں میں نظر انداز کیے جاتے رہے ہیں۔ ہم نے سب سے پہلے کسانوں کا قرض معاف کیا، پھر کسانوں کو فی کوینٹل دھان کے لیے 2500 روپے کی قیمت دی۔ ہم نے بستر کے لوہانڈی گڑا کے قبائلیوں کی زمینیں لوٹا دیں جو صنعت کے نام پر ہڑپ لی گئی تھیں۔

انہوں نے لکھا کہ ہم نے تیندوپتہ مزدوروں کی مزدوری میں اضافہ کیا اور ہر خاندان کو 35 کلو چاول دینے کا فیصلہ کیا۔ ہم دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ’نروہ، گروا، گھروا، باری‘ کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ بھوپیش بگھیل نے لکھا کہ اگر کسانوں کو فائدہ پہنچانا اور قبائلیوں کو انصاف دلوانا چھوٹے من کی چھوٹی حرکت ہے تو مجھے اپنا چھوٹا پن منظور ہے۔ میں سو بار چھوٹا ہو کر غریبوں، مزدوروں، کسانوں اور قبائلیوں کے حق میں کھڑا ہوکر چھوٹا ہونا پسند کروں گا۔ مجھے ایک بار بھی مالداروں کے حق میں کھڑے ہوکر دبے کچلے عوام کا استحصال کرکے بڑا بننا منظور نہیں ہے۔

انہوں نے لکھا کہ میری سیاسی اور سماجی افکار و نظریات عوام کے ساتھ ہیں۔ کچھ مخصوص ٹھیکیداروں، مالداروں اور صنعت کاروں کے ساتھ نہیں۔ اگر اس طرح کی سوچ سے کوئی شخص چھوٹا ہوتا ہے تو مجھے پوری زندگی ’چھوٹا آدمی‘ رہنا منظور ہے۔ مجھے مالک اس طرح کا بڑپن کبھی نہ دے جو مجھے اپنے جد و جہد کے دنوں کے ساتھیوں کو بھلا دے، جو ریاست کے دبے، کچلے اور متاثر عوام کی خبر گیری سے روک دے۔ آپ کا ’بڑپن‘ آپ کو مبارک ہو رمن سنگھ جی! میں چھوٹا آدمی ہی بہتر ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Apr 2019, 5:09 PM