دہلی میں پہلی بار ’کلاؤڈ سیڈنگ‘ کا نظارہ، اب بارش کا انتظار، دہلی والوں کو فضائی آلودگی سے مل سکتی ہے راحت

دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ ’’آج دہلی میں کلاؤڈ سیڈنگ کا ٹرائل ہوا۔ سیسنا طیارہ کے ذریعہ کھیکڑا، براڑی، میور وہار سمیت کئی علاقوں میں کلاؤڈ سیڈنگ ہوئی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / قومی آواز / وپن</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ملک کی راجدھانی دہلی میں دیوالی کے بعد فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آلودگی میں کمی کے کوئی آثار بھی نظر نہیں آ رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے عام لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے دہلی حکومت نے آج کلاؤڈ سیڈینگ (مصنوعی بارش کا پہلا مرحلہ) کا عمل انجام دیا۔ دہلی میں کلاؤڈ سیڈنگ کے بعد اب لوگوں کو بارش کا انتظار ہے۔

دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ آج کلاؤڈ سیڈنگ کا ٹرائل ہوا ہے۔ سیسنا طیارہ کے ذریعہ کلاؤڈ سیڈنگ کی گئی۔ یہ طیارہ میرٹھ سے دہلی کے لیے اڑان بھرا تھا، اور کھیکڑا، براڑی، میور وہار سمیت کئی علاقوں میں کلاؤڈ سیڈنگ ہوئی۔ 8 فلیئر کا استعمال کیا گیا، یہ پورا عمل تقریباً نصف گھنٹہ تک جاری رہا۔ دوسرا اور تیسرا ٹرائل بھی آج ہی ہوگا۔ 15 منٹ سے 4 گھنٹے میں کبھی بھی بارش ہو سکتی ہے۔ آئندہ کئی دنوں تک یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔


سرسا نے کلاؤڈ سیڈنگ کے حوالے سے پہلے کہا تھا کہ اگر ویزیبلٹی 5000 ہو جاتی ہے، جو کہ خراب موسم کے باعث 2000 ہے۔ اگر سب ٹھیک رہا تو دہلی میں آج مصنوعی بارش ہو جائے گی۔ سیسنا طیارہ کانپور سے اڑان بھرا تھا۔ سرسا نے بتایا کہ ایئر کرافٹ کے ذریعہ بادلوں پر پائرو تکنیک سے سیڈنگ کی جائے گی، جس کے بعد بارش ہوگی۔ اس کے ذریعہ فضائی آلودگی میں بہتری کی امید کی رہی ہے۔ ملک کی راجدھانی دہلی میں اس طرح کا استعمال پہلی بار ہونے جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پہلے ہی 28، 29 اور 30 اکتوبر کو ابر آلود موسم کی پیش گوئی کر دی گئی تھی۔ اسی وجہ سے آج کلاؤڈ سیڈنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی آئی ٹی کانپور کی قیادت میں دہلی حکومت کی مصنوعی بارش کی پہل میں شہر کے کئی مقامات پر کلاؤڈ سیڈنگ کا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ وہ علاقے جہاں کلاؤڈ سیڈنگ ہو جانے کی اطلاع ہے، ان میں اس کا اسٹارٹنگ پوائنٹ یعنی آئی آئی ٹی کانپور، میرٹھ ایئرفیلڈ، کھیکرا، براڑی، نارتھ کرول باغ، میور وہار، صادق پور، بھوجپور اور اینڈنگ پوائنٹ یعنی میرٹھ ایئرفیلڈ ہے۔


کلاؤڈ سیڈنگ کا واضح مطلب یہ ہے کہ یہ ایک قسم کی مصنوعی بارش ہے، جو کہ محدود وقت کے لیے ہوگی۔ اس عمل میں بہت زیادہ مالی اخراجات بھی شامل ہے۔  کلاؤڈ سیڈنگ کرانے کے لیے ایئرکرافٹ کی مدد سے بادلوں میں کچھ کیمیکل ڈالے جائیں گے۔ اس طرح کے کیمیکل پانی کی بوندیں بناتے ہیں، جس کے سبب ہی بارش ہوتی ہے۔ راجدھانی دہلی میں کلاؤڈ سیڈنگ کے 5 ٹرائلس کے لیے مجموعی طور پر 3.21 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ اگر کلاؤڈ سیڈنگ کامیاب ہو جاتی ہے تو دہلی والوں کو فضائی آلودگی سے نجات مل سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔