دہلی: سبھاش پلیس میں دو گروپ میں تصادم، خوب چلے پتھر، افرا تفری کا ماحول

پولیس نے پتھراؤ کی بات سے انکار کیا ہے، ساتھ ہی علاقے میں کسی فرقہ وارانہ تصادم کی بات کو بھی پولیس نے مسترد کر دیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راجدھانی دہلی میں ایک بار پھر تشدد کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ واقعہ جمعرات کو شمال مغربی دہلی کے سبھاش پلیس سے متعلق ہے جہاں دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا۔ اس تصادم میں دو افراد زخمی بھی ہو گئے۔ لوگوں کے مطابق واقعہ کے دوران زبردست پتھراؤ ہوا، لیکن دہلی پولیس نے اس سے انکار کیا ہے۔ پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ علاقے میں جمعرات کی شام کو مار پیٹ ہوئی ہے۔

اس واقعہ کے سامنے آئے سی سی ٹی وی فوٹیج میں علاقے کی پیچیدہ گلیوں میں مردوں کے ایک گروپ کو دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان میں سے کچھ لاٹھی ڈنڈے لیے اور کچھ لوگوں کو مارتے اور سامان توڑتے دیکھے گئے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ جمعرات (28 اپریل) کو رات تقریباً 9.18 بجے انھیں ایچ اینڈ آئی بلاک پرائمری اسکول کے پاس سبھاش پلیس علاقے میں پتھراؤ کے متعلق ایک پی سی آر کال آئی۔


سینئر پولیس افسر نے کہا کہ ’’کال کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی۔ یہ پایا گیا کہ اجو عرف ساحل اور وسیم عرف موگلی نام کے دو لوگوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ دونوں کے ساتھ ان کے حامی بھی تھے۔ یہ ایک پرانا معاملہ تھا۔ پولیس کو آتے دیکھ کر وہ سبھی موقع سے فرار ہو گئے۔‘‘

پولیس نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ یہاں کوئی پتھراؤ ہوا تھا۔ پولیس نے ساتھ ہی علاقے میں کسی فرقہ وارانہ تصادم کی بات کو بھی مسترد کر دیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ایچ بلاک میں لڑائی کے دوران دو لوگ جمیل احمد اور محمد فرمان زخمی ہو گئے۔ انھیں پاس کے ایک سرکاری اسپتال میں لے جایا گیا اور بعد میں انھیں چھٹی دے دی گئی۔ پولیس نے کہا کہ انھوں نے دفعہ 323، 308، 341 اور 506 کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔