جنوبی کشمیر کے شوپیاں میں تصادم، 3 ملی ٹینٹ ہلاک

جنوبی ضلع شوپیاں کے چھتراگام کلان میں ہفتے کی شام چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں سکیورٹی فورسز نے تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا

کشمیر کے شوپیاں میں تصادم / فائل تصویر
کشمیر کے شوپیاں میں تصادم / فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی ضلع شوپیاں کے چھتراگام کلان میں ہفتے کی شام چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں سکیورٹی فورسز نے تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے چھتراگام کلان میں سکیورٹی فورسز نے ایک مسلح تصادم کے دوران تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں، جنہیں خود سپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔

سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ چھتراگام کلان میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں ہفتے کی شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔

دریں اثنا فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔