شہریت ترمیمی بل ثقافتِ ہند کے خلاف: جیوتیرادتیہ سندھیا

کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا نے ’شہریت ترمیمی بل 2019‘ کی مخالفت کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ ہندوستان کی ثقافت کے خلاف ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اندور: کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر جیوتیرادتیہ سندھیا نے ’شہریت ترمیمی بل 2019‘ کی مخالفت کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ ہندوستان کی ثقافت کے خلاف ہے۔

سندھیا یہاں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے لوک سبھا میں پاس ہونےو الے بل پر رد عمل کا اظہار کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ثقافت ہمیشہ تمام مذاہب، طبقوں کے عوام کو اپنے میں سمونے کی رہی ہے لیکن یہ بل اس کے مخالف ہے جس کے سبب شمال۔مشرق کی ریاستوں میں اس کی مخالفت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض کانگریس ہی نہیں دیگر کئی سیاسی پارٹیاں بھی اس کی مخالفت میں کھل کر سامنے آرہے ہیں۔

کانگریس کے سینیئر رہنما نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی جانب سے ریاستوں کے حصے کے بطور دی جانے والی رقم اور مختلف مدوں میں دی جانے والی رقم باضابطہ طور پر ریاستوں کو نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش ہی نہیں پنجاب اور مہاراشٹر کی ریاستی حکومتیں طویل عرصے سے آواز بلند کر رہی ہیں کہ مرکز ان کے تئیں مایوس کن رویہ اختیار کر رہا ہے۔


سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ جی ایس ٹی نافذ کرنے سے قبل حکومتِ ہند نے تمام ریاستوں کو یقین دلایا تھا کہ آئندہ پانچ سالوں تک ریاستوں کو دی جانے والی ان کے حصے کی رقم کا محفوظ انتظام کر رکھا ہے لیکن ایک جانب مرکز نے ہر تین ماہ میں دی جانے والی جی ایس ٹی کی محصولاتی رقم کو روک رکھا ہے وہیں دوسری جانب ریاستوں کو کئی منصوبوں کے تحت ملنے والی رقم بھی کافی عرصے سے زیر التواء ہے۔

سندھیا نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ہونے والی زیادہ بارش اور اولا گرنے کی وجہ سے ہونےو الے نقصانات کے عوض بھی اب تک مرکز نے کم از کم ایک ہزار کروڑ روپیے کی رقم ادا کی ہے جبکہ مرکز میں جب کانگریس کی حکومت تھی، تب مدھیہ پردیش کو کافی تعاون فراہم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی کساد بازاری کے دور سے گزر رہا ہے۔ انہی تمام مسائل کے سلسلے میں 14 دسمبر کو دہلی میں ایک عظیم ریلی کا انعقاد کیا جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔