سی پی آئی (ایم) کی جانب سے جنید کے خاندان کو 10 لاکھ کا عطیہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سی پی آئی (ایم) کی کیرالہ اسٹیٹ کمیٹی نے 23 اگست کو 10 لاکھ کا چیک موب لنچنگ کے شکار جیند خان کے گھر والوں کو دیا۔ اس موقع پر پارٹی پولٹ بیورو ممبر برندا کرات، سریندر ملک (ہریانہ اسٹیٹ سکریٹری) اور کچھ دیگر لوگوں پر مشتمل کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کا ایک وفد جنید کے کھٹوالی گاؤں (ہریانہ) پہنچا اور پانچ پانچ لاکھ کے دو چیک جنید کے والدین جلال الدین اور سائرہ کو دیے۔

واضح رہے کہ ہریانہ کا 16 سالہ جنید اس وقت موب لنچنگ کا شکار ہو گیا تھا جب وہ بذریعہ ٹرین دہلی سے اپنے گھر ہریانہ جا رہا تھا۔ آج کی میٹنگ کیرالہ کی وزیر اعلیٰ پینارائی وجین کے گزشتہ ماہ اس دورے کا نتیجہ ہے جب انھوں نے دہلی کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت پینارائی وجین نے جنید کی والدہ سائرہ سے بھی ملاقات کی تھی جس کے دوران سائرہ نے جنید کی یادگار کے طور پر ایک گرلز اسکول قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

23 اگست کو جنید کے والدین کو چیک پیش کرتے ہوئے اور علاقہ کےباشندوں کی زبردست بھیڑ کو خطاب کرتے ہوئے برندا کرات نے کہا کہ ان کی پارٹی ’ڈارک فورسز‘ (شرپسند طاقتوں) کو شکست دینے اور جنید جیسے معصوموں کو موب لنچنگ کا شکار بنانے والوں کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر انھوں نے مزید کہا کہ یہ رقم ایک معمولی سا تعاون ہے جو اس خاندان کے ساتھ اظہار یکجحتی ہے ۔ یہاں اس غم کے وقت میں جو لوگ جمع ہیں اس سے طاقت حاصل ہوگی۔

اس موقع پر جنید معاملے میں گرفتار 6 افراد میں سے 4 کی ضمانت پر رہائی کو انصاف کی بے عزتی قرار دیتے ہوئے پارٹی کے ہریانہ اسٹیٹ سکریٹری سرندر ملک نے کہا کہ ’’سی پی آئی ایم کی ہریانہ یونٹ ہمیشہ اس طرح کے معاملوں کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی اور بی جے پی حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی جو کہ جنید کے قتل کے لیے پوری طرح ذمہ دار ہے۔‘‘ جس وقت جنید کے والدین کو چیک پیش کیا جا رہا تھا اس وقت گاؤں اور اس کے آس پاس کے باشندوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنھوں نے سی پی آئی (ایم) کے تعاون پر مسرت کا اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔