جموں وکشمیر: سیاسی لیڈران کے لئے ہیلی کاپٹر اور فوجی اہلکاروں کے لئے گاڑیاں!

پلوامہ خود کش دھماکے کے بعد وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ کشمیر میں تعینات سی آر پی ایف اور دیگر پیرا ملٹری اہلکاروں کو ڈیوٹی جوائن کرنے یا چھٹی پر جاتے وقت کمرشیل جہازوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں کشمیر میں عام انتخابات کے پیش نظر گہماگہمی بڑھ جانے کے بیچ مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران خاص کر امیدوار اپنے حامیوں سمیت انتخابی جلسوں میں شرکت کرنے کے لئے ہیلی کاپٹروں میں آتے ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کو گاڑیوں کے ذریعے ان مقامات تک پہنچایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پلوامہ خود کش دھماکے کے بعد وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ کشمیر میں تعینات سی آر پی ایف اور دیگر پیرا ملٹری اہلکاروں کو ڈیوٹی جوائن کرنے یا چھٹی پر جاتے وقت کمرشل جہازوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دفاعی ماہرین نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر انتخابی ریلیوں میں سیاسی لیڈروں اور امیدواروں کا ہیلی کاپٹروں میں آنے اور پیرا ملٹری فورسز کا گاڑیوں میں سفر کرنے پر اظہار ناراضگی کیا ہے۔

دریں اثنا پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو ایئر لفٹ کرانے کی سہولیت سے استفادہ کیا جارہا ہے لیکن کبھی جہاز دستیاب نہیں ہوتے ہیں جس کی وجہ سے سیکورٹی فورسز کی بڑی تعداد کو بہ یک وقت شفٹ کرانے میں مشکلات پیش آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پی من وعن نافذالعمل ہے۔

ایک دفاعی ماہر نے سیاسی لیڈروں کے انتخابی جلسوں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شرکت کرنے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا 'باعث حیرانگی ہے، سیاسی جماعتیں اپنے لیڈروں کے لئے بے تحاشا خرچہ کرکے نجی ہیلی کاپٹروں کا انتظام کرتی ہیں لیکن کروڑوں روپئے کے اس بجٹ کا کیا ہوجاتا ہے جو سیکورٹی اہلکاروں کے لئے مختص کیا جاتا ہے؟'۔

انہوں نے یو این آئی کو بتایا کہ اگر فوجی جوانوں کو کشمیر میں مختلف علاقوں میں پہنچانے کے لیے نجی جہاز دستیاب نہیں ہیں تو پھر انڈین ایئر فورس اور فوجی ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی جانی چاہیے۔

ایک سبکدوش فوجی عہدیدار نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں کوکشمیر جیسے حساس مقامات تک ایئر لفٹ کرانے کے لئے مخصوص بجٹ مختص کیا جانا چاہئے تاکہ ان کی قیمتی جانوں کوتحفط فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جب سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے درماندہ مسافروں کو جہاز کے ذریعے سری نگر منتقل کیا جاتا ہے تو فوجی جوانوں کے لئے ایسا کیوں نہیں کیا جاسکتا۔ فوجی آفیسر نے سوالیہ انداز میں کہا 'ہم پہلے ہی آر پار فائرنگ سے روزانہ بنیادوں پر ایک یا دو جوان کھو دیتے ہیں تو ایسی صورتحال میں ہم ارادی طور پر جوانوں کی زندگیاں خطرے میں کیوں ڈالتے ہیں'۔

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ اپنے کچھ ساتھیوں سمیت ضلع کٹھوعہ میں انتخابی جلسوں میں شرکت کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر میں گئے جبکہ سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد بھی انتخابی ریلیوں میں شرکت کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر میں جاتے ہیں اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے بھی جموں میں انتخابی جلسوں میں شرکت کرنے کے لئے ہوائی سفر ہی کیا اورمستقبل میں بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران انتخابی جلسوں میں شرکت کرنے کے لئے ہوائی سفر کرنے والے ہیں۔ دریں اثنا ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر ہفتے میں دو دن فوج کی نقل وحمل کے لئے مخصوص رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔