وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا جھگی بستیاں نہ توڑنے والا بیان مضحکہ خیز: دہلی کانگریس

دہلی کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر نریش کمار نے سوال کیا ہے کہ حال ہی میں جو بستیاں ترقیات کے نام پر اجاڑی گئی ہیں، ان کے باشندوں کے لیے حکومت کے پاس کیا منصوبہ ہے؟

<div class="paragraphs"><p>ڈاکٹر نریش کمار / تصویر بشکریہ ایکس /&nbsp;DrNareshkr@</p></div>

ڈاکٹر نریش کمار / تصویر بشکریہ ایکس /DrNareshkr@

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے اس بیان کو ’سیاسی شگوفہ‘ قرار دیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بی جے پی حکومت جھگی بستیوں کے لیے کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ ڈاکٹر نریش نے حکومت کے اس دعویٰ کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر نریش کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا یہ کہنا کہ حکومت نے جھگی بستیوں کے لیے 700 کروڑ روپے الاٹ کیے ہیں، اس کے بارے میں عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ یہ رقم کس منصوبہ کے تحت خرچ ہو رہے ہیں؟ کن بستیوں میں کون سے کام کرائے جائیں گے؟ کن ایجنسیوں کو یہ ٹھیکے دیے گئے ہیں؟ عوام کے سامنے اس معاملے میں کوئی تفصیلی رپورٹ یا آڈٹ کیوں نہیں پیش کی جا رہی ہے؟


کانگریس ترجمان نے ریکھا حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ راجدھانی دہلی ہی میں جو بستیاں ترقیات کے نام پر اجاڑ گئی ہیں، ان کے باشندوں کے لیے حکومت کے پاس کیا منصوبہ ہے، اس کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو جانکاری دینی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ کو یہ گارنٹی دینی چاہیے کہ مستقبل میں اس طرح غریبوں کے آشیانے نہیں اجاڑے جائیں گے۔ حکومت کو ’جہاں جھگی، وہاں مکان‘ دینے کے منصوبہ پر کھرا اترنا ہوگا۔

ڈاکٹر کمار نے کہا کہ بی جے پی کو دہلی کے غریب لوگوں کی یاد تب آتی ہے، جب انتخاب قریب آتے ہیں، یا جب ان کی ناکامیوں پر سوال اٹھنے لگتے ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں میں کئی جھگی بستیاں راتوں رات منہدم کر دی گئیں، کئی کنبے بے گھر ہو گئے اور ان کے لیے نہ تو کوئی متبادل مکان دیا گیا، اور نہ ہی بازآبادکاری کا کوئی بااثر انتظام کیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اصلی نیت تب صاف ہوگی جب وہ ہر بستی کے لیے الگ ماسٹر پلان جاری کرے، عوام کو فیصلہ لینے کے عمل میں شامل کرے، کسی بھی ممکنہ توڑ پھوڑ سے پہلے متبادل رہائش کی پوری گارنٹی دے اور سبھی ترقیاتی کاموں کی نگرانی میں مقامی نمائندوں و سماجی تنظیموں کو شامل کرے۔


ڈاکٹر نریش کمار کے مطابق وزیر اعلیٰ کا یہ کہنا کہ ہم جھگیاں نہیں توڑیں گے، کافی نہیں ہے، اور یہ مضحکہ خیز بھی ہے۔ بی جے پی کو اپنے وعدوں کو کاغذی منصوبوں سے نکال کر زمینی حقیقت میں بدلنے ہوں گے۔ ورنہ یہ سب صرف جملہ بازی اور دھوکہ دہی ہی مانا جائے گا، جو صرف عوام کو گمراہ کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہلی پردیش کانگریس ہر اس قدم کی مخالفت کرے گی جو غریبوں کے حقوق، ان کی رہائش اور وقار کو ٹھیس پہنچائے گا، اور کانگریس پارٹی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔