نتیش نے مودی کو دیا جھٹکا، 40 میں سے 25 لوک سبھا سیٹوں پر دعوی

این ڈی اے میں جے ڈی یو کے اس بیان سے شگاف پڑنا لازمی ہے کہ اگلے سا ل ہونے والے عام انتخابات میں جے ڈی یو 40 پارلیمانی سیٹ میں سے 25 پر لڑے گی۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔ مہارشٹر کی پال گھر پارلیمانی سیٹ کے ضمنی انتخابات میں ایں ڈی اے کی تین پارٹیاں ہی ایک دوسرے کے خلاف چناؤی میدان میں تھیں اور اب جس طرح نتیش کمار اور پاسوان بات کر رہے ہیں اس سے تو صاف ظاہر ہے کہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ کیا یہ بھی چندر بابو نائڈو کے راستے پر تو نہیں جا رہے ہیں۔ نتیش کمار کی جے ڈی یو نے اعلان کر دیا ہے کہ اگلے عام انتخا بات میں نتیش کمار ہی بہار میں چہرا ہوں گے اور جے ڈی یو 40 پارلیمانی سیٹوں میں سے 25 پر انتخاب لڑے گی۔ جے ڈی یو نے ساتھ ہی یہ بھی اعلان کر دیا ہے کہ اس سے کم میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

بہار میں ایسا نہیں ہے کہ صرف نتیش کمار کی پارٹی کے ہی سر بدلے ہوئے ہیں وہاں کی ایک اور اہم پارٹی یعنی رام ولاس پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی نے بھی شرائط رکھنی شروع کر دی ہیں۔ لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ رام ولاس پاسوان نے صاف کر دیا ہے کہ اگر حکومت ایس سی۔ایس ٹی ایکٹ پر آرڈیننس نہیں لائی اور بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دیا تو مشکل ہوگی۔

اس حققیت سے سبھی بخوبی واقف ہیں کہ نتیش کمار دباؤ کی سیاست کے ماہر کھلاڑی ہیں اور کرناٹک و ضمنی انتخابات کے بعد سے وہ یہی سیاست کھیل رہے ہیں۔ 3 جون اتوار کو نتیش کمار نے اچانک جے ڈی یو کا اجلاس طلب کیا۔ پٹنہ میں ان کی رہائش گاہ پر چلے لمبے اجلاس کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے واضح الفاظ میں کہا کہ بہار میں جے ڈی یو این ڈی اے اتحاد میں بڑے بھائی کی حیثیت رکھتی ہے اس لئے بہار میں اگلے عام انتخابات نتیش کمار کی قیادت میں لڑے جائیں گے اورجے ڈی یو 40 میں سے 25 سیٹوں پر چناؤ لڑے گی۔

واضح رہے اس وقت بہار میں بی جے پی کے پاس 22 سیٹیں ہیں، پاسوان کے پاس 6 اور 3 اپیندر کشواہا کی آر ایل ایس پی کے پاس ہیں۔ ایسی صورتحال کے پیش نظر اگر جے ڈی یو 25 سیٹیں مانگ رہی ہے تو بی جے پی اور دیگر اتحادیوں کا کیا ہوگا یعنی نتیش کی پارٹی نے یہ مطالبہ کر کے دباؤ کی پہلی چال چل دی ہے اور اس طرح بعد میں چال چلنے والا دباؤ میں رہے گا۔

واضح رہے جے ڈی یو کے کل ہوئے اجلاس میں انتخابی مہم کے ماہر مانے جانے والے پرشانت کشور نے بھی شرکت کی۔ پرشانت کشور نے سال 2014 میں مودی اور سال 2015 میں نتیش کمار کی انتخابی مہم کی کمان سنبھالی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jun 2018, 5:49 AM