وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اسمبلی انتخاب سے عین قبل اساتذہ بحالی معاملہ پر کیا اہم اعلان، ٹی آر ای سے متعلق عزائم کا بھی اظہار
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بتایا کہ اساتذہ کی بھرتی میں بہار کے باشندوں کو ترجیح دینے کے لیے محکمہ تعلیم کو متعلقہ قانون میں ضروری ترمیم کی ہدایت دی گئی ہے، جو ٹی آر ای-4 سے ہی نافذ ہوگا۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اساتذہ کی بحالی کے عمل سے متعلق آج ایک اہم اعلان کر ٹیچر بننے کی خواہش رکھنے والے بے روزگار نوجوانوں کو ایک بڑی امید دلائی ہے۔ اسمبلی انتخاب سے عین قبل انہوں نے واضح اعلان کیا ہے کہ بہار کے رہائشی امیدواروں کو ترجیح دینے کے لیے محکمہ تعلیم کو ڈومیسائل (مقامی رہائش) کے قانون میں ترمیم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ ترمیم ’ٹی آر ای-4‘ سے ہی نافذ العمل ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے یہ معلومات خود سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیں، جہاں انہوں نے لکھا کہ ان کی حکومت نومبر 2005 سے ہی تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں بڑی تعداد میں اساتذہ کی تقرری کی جا چکی ہے اور یہ عمل آئندہ برسوں میں بھی جاری رہے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اساتذہ کی بھرتی میں بہار کے باشندوں کو ترجیح دینے کے لیے محکمہ تعلیم کو متعلقہ قانون میں ضروری ترمیم کی ہدایت دی گئی ہے، جو ٹی آر ای-4 سے ہی نافذ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کچھ دیگر اہم جانکاریاں بھی دی ہیں۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ ٹی آر ای-4 کا انعقاد 2025 میں اور ٹی آر ای-5 کا انعقاد 2026 میں کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ٹی آر ای-5 سے پہلے ایس ٹیٹ (اسٹیٹ ٹیچر ایلیجبیلٹی ٹیسٹ) منعقد کروانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ امیدواروں کو تیاری کے لیے ایک واضح روڈ میپ فراہم کیا جا سکے۔
اس فیصلے سے صاف ظاہر ہے کہ اب اساتذہ کی بحالی کے عمل میں بہار کے مستقل رہائشیوں کو ترجیح دی جائے گی۔ نوجوانوں کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ باہر سے آکر درخواست دینے والوں کی جگہ مقامی امیدواروں کو ترجیح دی جائے۔ محکمہ تعلیم اب ٹی آر ای-4 سے پہلے قانون میں ترمیم کرے گا تاکہ ڈومیسائل پر مبنی انتخابی عمل کو قانونی طور پر مؤثر بنایا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔