وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کی بیٹی بی جے پی لیڈروں پر کریں گی ہتک عزتی کا کیس

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کی بیٹی کویتا راؤ نے بتایا کہ وہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما اور بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی منجندر سنگھ سِرسا کے خلاف ہتک عزتی کا کیس کریں گی۔

کویتا راؤ، تصویر آئی اے این ایس
کویتا راؤ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کویتا راؤ بی جے پی لیڈروں پر ہتک عزتی کا کیس کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کی رکن قانون ساز کونسل کویتا راؤ بی جے پی کے دو لیڈروں کے خلاف ہتک عزتی کا کیس فائل کرنے کی تیاری کر رہی ہیں اور وہ اس تعلق سے پرعزم ہیں۔ کویتا کا الزام ہے کہ بی جے پی ان کے کنبہ کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو ٹھیک نہیں۔

کویتا راؤ نے بتایا کہ وہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما اور بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی منجندر سنگھ سِرسا کے خلاف ہتک عزتی کا کیس کریں گی۔ انھوں نے یہ بھی صاف کیا کہ دہلی میں چل رہی شراب پالیسی کی جانچ سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ دراصل شراب گھوٹالہ معاملے میں ہی کچھ بی جے پی لیڈران تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کے کنبہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔


ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے الزام عائد کیا کہ چندرشیکھر راؤ کی بیٹی نے شراب مافیا اور عآپ حکومت کے درمیان بچولیے کا کردار نبھایا ہے۔ پرویش نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ کویتا شراب مافیا کے کئی اراکین کو منیش سسودیا سے ملاتی تھیں اور اس گھوٹالے میں ان کا تعاون کرتی تھیں۔

بی جے پی کا الزام ہے کہ چندرشیکھر راؤ کے رشتہ دار آبکاری پالیسی بنائے جانے کے لیے دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ہوئی میٹنگوں میں شامل ہوئے تھے۔ اس کے لیے تلنگانہ وزیر اعلیٰ کے رشتہ دار ذاتی طیارہ سے دہلی پہنچتے تھے۔ بی جے پی لیڈر کا یہ بھی الزام ہے کہ کے. چندرشیکھر راؤ کی فیملی نے پنجاب میں بھی ایسی پالیسی نافذ کروائی تھی اور خود تلنگانہ میں اسی پالیسی سے کام ہوتا آ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔