مہوا موئترا کی عرضی پر فیصلہ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ لیں گے

ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا نے لوک سبھا رکنیت منسوخ کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے، اس عرضی کو سماعت کے لیے فہرست بند کرنے سے متعلق فیصلہ چیف جسٹس چندرچوڑ لیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>مہوا موئترا / آئی اے این ایس</p></div>

مہوا موئترا / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

سپریم کورٹ میں بدھ کے روز ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا کی لوک سبھا رکنیت ختم کیے جانے کو چیلنج کرنے والی عرضی کو ایک بار پھر رکھا گیا۔ اس دوران چیف جسٹس نے کہا کہ عرضی پر وہ غور کریں گے۔ سپریم کورٹ نے مہوا موئترا کی عرضی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم سی لیڈر کی لوک سبھا سے معطلی کو چیلنج کرنے والی عرضی کو فہرست بند کیے جانے سے متعلق فیصلہ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ لیں گے۔

ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہوا موئترا کی عرضی پر چیف جسٹس چندرچوڑ نے خود تبصرہ کیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اسے فہرست بند کرنے پر غور کریں گے۔ اس سے قبل جج سنجے کشن کول اور سدھانشو دھولیا کی بنچ کے سامنے مہوا کی عرضی کو فوراً فہرست بند کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ اس پر جسٹس کول نے سینئر وکیل ابھشیک منو سنگھوی کو مطلع کیا کہ اس پر فیصلہ سی جے آئی لیں گے۔


واضح رہے کہ ٹی ایم سی لیڈر مہوا موئترا نے لوک سبھا سے اپنی معطلی کو چیلنج پیش کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ انھیں پیسہ لے کر لوک سبھا میں سوال پوچھنے کے الزام میں یہ سزا ملی ہے۔ لوک سبھا کی اخلاقیات کمیٹی نے جانچ کے بعد اپنی رپورٹ لوک سبھا میں پیش کی تھی جس میں مہوا کی رکنیت ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ لوک سبھا نے اس سفارش کو منظوری دے دی، جس کے بعد اپوزیشن اراکین نے ناراضگی کا بھی اظہار کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔