ہماچل کی تاریخوں کے ساتھ گجرات کا اعلان نہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: الیکشن کمیشن کے ذریعہ ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد ایک بڑا سوال یہ ہے کہ کمیشن نے گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیوں نہیں کیا ؟ ہماچل پردیش اور گجرات حکومتوں کی مدت جنوری میں ختم ہو رہی ہے اس لئے دونوں ہی ریاستوں میں جنوری سے قبل انتخابات ہونے ہیں ۔ اسی لئے یہ توقع کی جا رہی تھی کہ دونوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ایک ساتھ کیا جائے گا لیکن آج صرف ہماچل پردیش کے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان نہ کرنے کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ آئندہ ہفتے وزیر اعظم کو گجرات کے دورے پر جانا ہے اور ممکن ہے کہ وزیر اعظم اپنے اس دورے میں کچھ اعلان کریں اور اگر گجرات اسمبلی کی تاریخوں کا اعلان ہو گیا تو انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہونے کی وجہ سے وزیر اعظم کچھ اعلان نہیں کر سکتے۔ اگر الیکشن کمیشن نے ان وجوہات کو ذہن میں رکھتے ہوئے گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا ہے تو یہ الیکشن کمیشن کی آزادی پر سوال کھڑے کرتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے ہماچل پردیش کی سبھی 68سیٹوں کےلئے انتخابات ایک ہی مرحلے میں یعنی 9 نومبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 18دسمبر کو ہوگی یعنی انتخابات کے ٹھیک ایک ماہ دس دن بعد گنتی ہوگی ۔ اس ایک ماہ سے زیادہ وقفہ رکھنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ آئندہ دنوں میں گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخون کا اعلان کر دیا جائے گا اور دونوں ریاستوں کے ووٹوں کی گنتی ایک ساتھ کرائی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر اے کے جیوتی نے آج یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن 16اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔امیدوار 23اکتوبر تک پرچہ نامزدگی دائر کر سکیں گے اور 24اکتوبر کو پرچہ نامزدگی کی جانچ کی جائے گی اور 26اکتوبر تک نام واپس لئے جا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کل 7521پولنگ مرکز بنائے جائیں گے اور سبھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)کے ساتھ وی وی پیٹ کا استعمال کیا جائے گا جس سے ووٹر یہ دیکھ سکیں گے کہ انہوں نے جس امیدوار کے نام کا بٹن دبایا ہے ووٹ اسی کو ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ سبھی 68سیٹوں پر ایک ایک پولنگ مرکز کے وی وی پیٹ سے نکلنے والی پرچیوں کی بھی گنتی کی جائےگی اور اسے اس پولنگ مرکز پر پڑے ووٹوں سے ملایا جائے گا۔

جیوتی نے کہا کہ ہماچل پردیش میں فوری اثر سے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔الیکشن کےلئے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں اور ریاستی پولس کے ساتھ ساتھ نیم فوجی دستہ کی بڑی تعداد میں تعیناتی کی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ 136پولنگ اسٹیشنوں پر صرف خاتون ملازمین ہی تعینات ہوں گی۔
کمیشن نے آج گجرات اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا لیکن کہا کہ وہاں 18دسمبر سے پہلے انتخابات کرائے جائیں گے جس سے کہ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی ایک ساتھ ہوسکے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Oct 2017, 7:43 PM