مودی بتائیں ’ملازمت‘ ہوتی کیا چیز ہے: پی چدمبرم

سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بارہ سوال پوچھ کر مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔

تصویر نوجیون
تصویر نوجیون
user

قومی آوازبیورو

سابق مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم نے معیشت پر مرکز کی نریندر مودی حکومت سے بارہ سوالوں کے جواب طلب کیے ہیں۔ ان میں روزگار کی تعریف سے لے کر حکومت کے خرچ اور آمدنی کا حساب وغیرہ بھی شامل ہے۔ پی چدمبرم نے مرکز کی مودی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے مالیاتی شعور کو الوداع کہہ دیا ہے جس کے سبب ملک کی معیشت بدتر حالت میں پہنچ چکی ہے اور سرکاری خسارہ کی حالت بھی بے حد خراب ہے۔ جمعرات کو راجیہ سبھا میں انھوں نے سوال کیا کہ وزیر اعظم نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات کی تشہیر کے دوران دو کروڑ سالانہ ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا، اس کا کیا ہوا؟ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جاننا چاہا کہ حکومت نے گزشتہ چار سالوں میں بین الاقوامی مزدور تنظیم یعنی آئی ایل او کے پیمانوں کے مطابق کتنے لوگوں کو روزگار دیا ہے؟

راجیہ سبھا میں برسراقتدار پارٹی کے ذریعہ کیے جا رہے شور و غل کے درمیان سینئر کانگریس لیڈر نے حکومت سے کل 12 سوال کیے ہیں۔ وہ سوال کچھ اس طرح ہیں:

1. عام بجٹ 19-2018 میں سرکاری خسارہ مالی سال 18-2017 کے 3.2 فیصد کے مقابلے 3.5 فیصد کی خراب سطح پر بتایا گیا ہے۔ رواں اکاؤنٹ کا خسارہ 18-2017 اور 19-2018 میں کیا ہے؟

2. مالی سال 18-2017 اور 19-2018 کا اوسط تھوک قیمت انڈیکس یعنی ڈبلیو پی آئی اور صارفین قیمت انڈیکس یعنی سی پی آئی کتنا ہے؟

3. سال 18-2017 میں کل خرچ میں تو 71 ہزار کروڑ کا اضافہ ہوا، سرکاری خرچ میں 107371 کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا۔ کیا یہ حکومت کی فضول خرچی ظاہر نہیں کرتا ہے، جس میں مالیاتی شعور کو چھوڑ دیا گیا ہے؟

4. اقتدار میں آنے سے پہلے آپ نے دو کروڑ ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا۔ آئی ایل او کے مطابق صحیح معنوں میں ملازمت ایسا روزگار ہے جس میں یقینی، ضابطگی اور تحفظ ہو۔ آپ کے مطابق ملازمت کی تعریف کیا ہے؟

5. آئی ایل او کے پیمانوں کے مطابق آپ کی چار سال کی حکومت میں کتنی ملازمتیں پیدا ہوئیں؟

6. خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہونے میں ہندوستان کے بجٹ پر کیا اثر ہوگا، خصوصاً خسارے پر کتنا اثر پڑے گا؟ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 70 یا 75 ڈالر فی بیرل ہو جاتی ہے تو کیا پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائیں گے یا پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں تخفیف کریں گے؟

7. حکومت مالی سال 18-2017 میں 48 ہزار کروڑ روپے قرض لے گی اور اس میں او این جی سی کا 37 ہزار کروڑ روپے کا قرض بھی جڑ جائے گا، جو حکومت کے نام پر لیا گیا ہے۔ یہ 85 ہزار کروڑ روپے کی رقم کہاں جائے گی؟

8. مالی سال 18-2017 میں پونجی پر خرچ 309801 کروڑ روپے کا تھا جس کو ترمیم کے بعد 36 ہزار کروڑ گھٹا کر 273445 کروڑ روپے کر دیا گیا۔ اس سے کن منصوبوں پر اثر پڑا؟

9. حکومت نے مالی سال 19-2018 میں مانیٹری جی ڈی پی شرح ترقی 11.5 فیصد یا اعلیٰ شرح ترقی کے سبب تھی؟

10. مالی سال 19-2018 میں آپ کا حقیقی جی ڈی پی ترقی کا اندازہ کیا ہے؟

11. کیا شرح سود سبھی بانڈ سے زیادہ ہو جائے گی اور کیا شرح سود میں اضافہ مہنگائی بڑھانے میں معاون ہوگا؟

12. کیا سال 18-2017 میں جی ایس ٹی سے خزانے کا 444631 کروڑ روپے کا اندازہ گزشتہ آٹھ مہینے کا ہے یا 9 مہینے کا یا پھر 11 مہینے کا؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔