اجیت جوگی کی حالت ہنوز نازک، پسندیدہ گانے سنا کر علاج کرنے کی کوشش!

اجیت جوگی کے تقریباً غیرفعال ہو چکے دماغ کو پھر سے فعال کرنے کے لئے ڈاکٹر آڈیو تھیراپی کا سہارا لے رہے ہیں، اس کے تحت ان کے پسندیدہ گانوں کو ان کے کان میں ایئر فون لگا کر سنایا جا رہا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رائے پور: چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی اور جنتا کانگریس کے سربراہ اجیت جوگی کی حالت دل کا دورہ پڑنے کے بعد سے لگاتار نازک بنی ہوئی ہے۔ ان کا دماغ اس وقت تقریباً غیرفعال ہے جس کو پھر سے فعال کرنے کے لئے ڈاکٹر آڈیو تھیراپی کا سہارا لے رہے ہیں۔ اس تھیراپی کے تحت ان کے پسندیدہ گانوں کو ان کے کان میں ایئر فون لگا کر سنایا جا رہا ہے۔

راجدھانی کے نارائن اسپتال کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سنیل کھیمکا نے آج یہاں جاری میڈیکل بلیٹن میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ جوگی کا علاج میڈیکل پروٹوکول کے تحت جاری ہے۔ ان کے دماغ کی سرگرمیاں تقریباً نہیں کے برابر ہیں۔ کل سے انہیں آڈیو تھیراپی دی جارہی ہے جس کے تحت ان کے پسندیدہ گانوں کو ایئرفون کے ذریعہ ان کے کان میں لگاکر سنایا جارہا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ اس کے ذریعہ کوشش کی جا رہی ہے کہ ا ن کے دماغ کو نیچرل عمل کے تحت فعال کیا جائے لیکن اب تک اس میں کامیابی نہیں ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جوگی کی حالت مسلسل تشویشناک بنی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ جوگی گزشتہ سنیچر (9مئی) کو اپنی رہائش گاہ کے احاطہ میں وہیل چیر سے ٹہلتے وقت گنگا املی کھا رہے تھے۔ اس کا بیج سانس کی نلی میں پہنچ گیا۔ اس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے، اسی دوران انہیں ہارٹ اٹیک بھی آیا۔ سنگین حالت میں انہیں فوری طورپر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تقریباً 74 سالہ جوگی اس وقت ریاست کی مرواہی سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔