چھتیس گڑھ: ’راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا‘ لانچ، سونیا-راہل بنے تاریخی لمحہ کے گواہ

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ چھتیس گڑھ حکومت نے راجیو گاندھی کی یاد میں ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس منصوبہ کے ذریعہ چھتیس گڑھ کی حکومت کسانوں کو سبھی ضروری وسائل دستیاب کرائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 29ویں برسی کے موقع پر چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت نے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ چھتیس گڑھ حکومت نے 'راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا' کا افتتاح کر دیا ہے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریاست کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اس منصوبہ کی شروعات کی۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈر منصوبہ کی لانچنگ پر ویڈیو کانفرنسنگ سے جڑے اور تاریخی لمحہ کے گواہ بنے۔

اس موقع پر کانگریس صدر سونیا گاندھی نے نیائے یوجنا کے لیے چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت اور وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کو مبارکباد پیش کی۔ کانگریس صدر نے کہا کہ "چھتیس گڑھ کی حکومت نے راجیو گاندھی کی یاد میں ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس منصوبہ کے ذریعہ چھتیس گڑھ کی حکومت کسانوں کو سبھی ضروری وسائل مہیا کرا کر فصل پیداوار میں اہم کردار نبھائے گی۔ اس منصوبہ کے دوسرے مرحلہ میں بے زمین قبائلیوں اور غریب مزدوروں کو جوڑا جائے گا۔ اس سے غریب خود کفیل بنیں گے۔ اس کا فائدہ عوام تک پہنچا کر لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانا ہی راجیو گاندھی کو سچی خراج عقیدت ہوگی۔"


کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے اس موقع پر کہا کہ " کورونا بیماری سے ملک کے باشندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے ہمیں تکلیف پہنچ رہی ہے۔ اس بیماری میں سب سے زیادہ درد دلت لوگوں کو ہی ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس بیماری کے خلاف لڑیں گے اور جیتیں گے۔ راہل گاندھی نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ چھتیس گڑھ حکومت کے ذریعہ لانچ کردہ ’راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا‘ سے غریب کسانوں کا بھلا ہوگا اور انھیں اس سے کافی مدد ملے گی۔"

راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا:

'راجیو گاندھی کسان نیائے یوجنا' کسانوں کو کھیتی-کسانی کے لیے ترغیب دینے کے مقصد سے ملک کا ایک بڑا منصوبہ ہے۔ ریاستی حکومت اس منصوبہ کے تحت خریف 20-2019 سے دھان اور مکئی لگانے والے کسانوں کو کوآپریٹو کمیٹی کے ذریعہ سے مناسب مقدار کی بنیاد پر زائد از 10 ہزار روپے فی ایکڑ کی شرح سے مالی امداد کرے گی۔ اس منصوبہ میں دھان فصل کے لیے 18 لاکھ 34 ہزار 834 کسانوں کو پہلی قسط کی شکل میں 1500 کروڑ روپے کی رقم الاٹ کی جائے گی۔


اسی طرح گنا فصل کے لیے پیرائی سال 20-2019 میں کوآپریٹو کارخانہ کے ذریعہ خریدے گئے گنے کی مقدار کی بنیاد پر ایف آر پی رقم 261 روپے فی کوئنٹل اور حوصلہ افزائی اور امدادی رقم 93.75 روپے فی کوئنٹل، زائد از 355 روپے فی کوئنٹل کی شرح سے ادائیگی ہوگی۔ افسران کے مطابق منصوبہ کے تحت ریاست کے 34 ہزار 637 کسانوں کو 73 کروڑ 55 لاکھ روپے چار قسطوں میں ملے گا جس میں سے پہلی قسط 18 کروڑ 43 لاکھ 21 مئی کو ٹرانسفر کر دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */