’ہیرالڈ ہاؤس‘ کے دفتر پہنچ کر روحانی سکون حاصل ہوا: بھوپیش بگھیل

چھتیس گڑھ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل ہفتہ کے روز ہیرالڈ ہاؤس پہنچے، اس دوران انھوں نے ’قومی آواز‘ کے ساتھ ساتھ نوجیون اور نیشنل ہیرالڈ کے صحافیوں سے کئی امور پر بات چیت کی۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد راجدھانی دہلی پہنچے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے ہفتہ کے روز آئی ٹی او واقع ہیرالڈ ہاؤس کا دورہ کیا۔ یہاں انھوں نے ’قومی آواز‘ کے ساتھ ساتھ ’نو جیون‘ اور ’نیشنل ہیرالڈ‘ کے صحافیوں سے تفصیلی گفتگو کی اور بہتر و معیاری صحافت کے لیے ہر قدم پر ساتھ دینے کی بات کہی۔ بھوپیش بگھیل نے ہیرالڈ گروپ کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران واضح لفظوں میں کہا کہ فرقہ وارانہ طاقتوں کے خلاف لڑ رہے صحافیوں کے ساتھ وہ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت ایسے صحافیوں کی ضرورت ہے جو اقتدار میں بیٹھے لوگوں کی نفرت، عدم برداشت اور ان کے اندر بھرے بدلے کے جذبے کا مضبوطی کے ساتھ جواب دے سکیں۔

صحافیوں سے بھوپیش بگھیل کی ملاقات کے دوران ہیرالڈ گروپ کی ادارتی مشیر مرنال پانڈے اور چیف ایڈیٹر ظفر آغا موجود تھے جنھوں نے وزیر اعلیٰ کو ’سنڈے نوجیون‘ اور ’سنڈے نیشنل ہیرالڈ‘ کا تازہ شمارہ بطور تحفہ پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ بگھیل کو مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر شائع ’سنڈے نوجیون‘ کا خصوصی شمارہ بھی پیش خدمت کیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے حال میں آئے نتیجوں میں کانگریس کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس فتح کا سہرا کافی حد تک وزیر اعلیٰ بگھیل کو ہی جاتا ہے جنھوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کی فرقہ وارانہ سیاست اور دولت کی طاقت کو شکست دینے کے لیے پوری ریاست میں پیدل یاترائیں کیں۔ انھوں نے سخت محنت سے ریاست میں کانگریس کو مضبوطی سے کھڑا کیا اور بیشتر انتخابی پیشین گوئیوں کو غلط ثابت کر کانگریس کو اسمبلی میں دو تہائی اکثریت بہ آسانی دلا دی۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز

صحافیوں سے ملاقات کے دوران بھوپیش بگھیل نے 1992 میں بابری مسجد انہدام کے واقعہ کو بھی یاد کیا اور کہا کہ اس وقت وہ مدھیہ پردیش یوتھ کانگریس کے صدر تھے۔ وہ بتاتے ہیں کہ انھوں نے ریاست میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے 300 کلو میٹر پیدل سفر کیا تھا اور لوگوں کو بے قابو ہونے سے روکا تھا۔ چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت کے آئندہ منصوبوں کے متعلق پوچھے جانے پر بھوپیش بگھیل نے کہا کہ ریاست کے لیے پارٹی کے پاس ایک مضبوط ویژن ہے اور اس میں سبھی طبقات کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے کا خواب دیکھا گیا ہے۔ اس ریاست کو ترقی کی رفتار عطا کرنے اور موجودہ مسائل کو دور کرنے کے لیے مثبت اقدام کیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Dec 2018, 6:09 PM