چھتیس گڑھ میں فضائی حادثے کی خبر بے بنیاد قرار، ریاستی حکومت نے کی تردید
چھتیس گڑھ کے جشپور میں ایئر ایمبولینس حادثے کی خبر کو حکومت نے بے بنیاد قرار دے دیا۔ حکام کے مطابق کسی بھی قسم کے طیارہ حادثے یا ریسکیو آپریشن کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی

چھتیس گڑھ کے جشپور ضلع میں پیر کے روز ایک فضائی حادثے کی خبر سوشل میڈیا اور کئی نیوز پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کرنے لگی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک نجی ایئر ایمبولینس طیارہ پہاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا ہے۔ متعدد ذرائع ابلاغ نے اس خبر کو نشر اور شائع کیا۔ تاہم ریاستی حکومت نے فوری طور پر اس معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے ذریعے جاری بیان میں چھتیس گڑھ حکومت نے کہا کہ جشپور ضلع کی نارائن پور پہاڑیوں میں کسی بھی قسم کے طیارہ حادثے کی کوئی رپورٹ موجود نہیں ہے۔ حکومت کے مطابق نہ تو کسی ایئر ایمبولینس کے حادثے کی تصدیق ہوئی ہے اور نہ ہی کسی ریسکیو آپریشن کے جاری ہونے کی کوئی اطلاع ہے۔
ابتدائی خبروں میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس حادثے میں دو پائلٹوں کی موت ہو گئی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ مگر سرکاری وضاحت کے بعد یہ تمام دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں۔ حکام نے میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات نشر کرنے سے گریز کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب حال ہی میں ایک حقیقی فضائی حادثہ پیش آ چکا ہے۔ رواں سال 23 فروری کو جھارکھنڈ کے رانچی کے قریب ایک ایئر ایمبولینس طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس میں پائلٹ سمیت سات افراد کی جان چلی گئی تھی۔ اس حادثے میں ایک شدید بیمار مریض، طبی عملہ اور عملے کے دیگر ارکان سوار تھے، اور تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔