روس میں بڑا حادثہ، کریمیا میں پہاڑی سے ٹکراکر فوجی طیارہ تباہ، سبھی 29 افراد کی موت

خبروں کے مطابق جائے حادثہ سے ملنے والی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ سیدھا چٹان سے ٹکرایا جبکہ ایک اور میڈیا نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔

<div class="paragraphs"><p>فوٹو سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 یوکرین کے ساتھ جاری جاری جنگ کے درمیان روس کے کریمیا سے بدھ کو ایک بہت ہی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق روس کا این 26 فوجی طیارہ کریمیا میں خوفناک حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 29 افراد ہلاک ہوگئے۔ روسی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب روسی فوج کا ٹرانسپورٹ طیارہ اچانک ریڈار سے غائب ہوگیا اور بعد ازاں ایک پہاڑی چٹان سے ٹکرا کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں 23 مسافر اور 6 عملے کے ارکان موجود تھے۔

روسی وزارتِ دفاع کے حوالے سے خبر ایجنسیوں نے بتایا کہ طیارے سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد تلاش شروع کی گئی جس کے بعد ملبہ کریمیا کے پہاڑی علاقے میں ملا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق جائے حادثہ سے ملنے والی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ سیدھا چٹان سے ٹکرایا جبکہ ایک اور میڈیا نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔


حادثے کا شکار طیارے کا ملبہ برآمد کرلیا گیا ہے لیکن یہ حادثہ کیسے پیش آیا اس پر کئی سوالات باقی ہیں۔ ’آر آئی اے‘ نیوز ایجنسی کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ تاہم روسی فوجی حکام نے ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیاں اب اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ طیارے کے انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوئی یا خراب موسم کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔

یہ علاقہ سکیورٹی کے لحاظ سے انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے، اس لیے فوجی طیارے کا گر کر تباہ ہونا روس کے لیے ایک بڑی تشویش کی بات ہے۔ فی الحال جائے حادثہ سے شواہد اور بلیک باکس کو اکٹھا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے جس میں 29 افراد کی جانیں گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔