چھاتروں کی گونج LIVE: ’بدلاؤ کے لیے آواز اٹھائیے، بے روزگاری کے خلاف ساتھ آئیے‘، کانگریس کی اپیل
کوٹا اور دہرادون کے بعد آج راہل گاندھی پریاگ راج واقع کے پی گراؤنڈ میں ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کے تحت ہزاروں طلبا اور نوجوانوں سے براہ راست تبادلہ خیال کریں گے۔

’بدلاؤ کے لیے آواز اٹھائیے، بے روزگاری کے خلاف ساتھ آئیے‘، کانگریس کی اپیل
’چھاتروں کی گونج‘ تقریب شروع ہونے سے قبل کانگریس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لگاتار ویڈیوز جاری کر نوجوانوں سے یکجہتی کی اپیل کر رہی ہے۔ ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بدلاؤ کے لیے آواز اٹھائیے، بے روزگاری کے خلاف ساتھ آئیے‘‘۔ اس پوسٹ کے ساتھ ویڈیو میں کچھ عام لوگوں کے بیانات دکھائے گئے ہیں، جو کہہ رہے ہیں کہ اتر پردیش میں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے وہ ملک سے باہر اسرائیل جا رہے ہیں۔ جنگ کے حالات میں بھی وہ اسرائیل جانے کو تیار ہیں، کیونکہ ریاست میں ان کے لیے دو وقت کی روٹی حاصل کرنا محال ہو رہا ہے۔
پریاگ راج ایئرپورٹ پر راہل گاندھی کا پُرخلوص استقبال، طلبا پُرجوش
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی آج شام پریاگ راج واقع کے پی گراؤنڈ میں ہزاروں طلبا و نوجوانوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی پریاگ راج پہنچ بھی چکے ہیں اور ان کا کانگریس لیڈران نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر پریاگ راج ایئرپورٹ پر پُرخلوص استقبال کیا ہے۔ راہل گاندھی کی تقریب کے پیش نظر علاقے میں سخت سیکورٹی کا انتظام کیا گیا ہے اور طلبا و نوجوان انتہائی پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ کے پی گراؤنڈ میں ابھی سے طلبا و نوجوانوں کی بھیڑ جمع ہونے لگی ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق راہل گاندھی 7 بجے کے بعد کے پی گراؤنڈ پہنچیں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
