چنئی: ہندوستانی فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، بڑی مشکل سے بچی پائلٹ کی جان، مقامی لوگوں نے کی مدد

ہندوستانی فضائیہ کا کہنا ہے کہ ’’پائلٹ کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ شہری املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے ایک کورٹ آف انکوائری تشکیل دی گئی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>طیارہ کے ملبہ کے پاس کھڑے مقامی باشندے، (ویڈیو گریب)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

چنئی کے تمبارم کے پاس ایک ہندوستانی فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ فضائیہ کا پی سی-7 ایم کے II (پائلیٹس پی سی-7) حادثے کا شکار ہوا ہے۔ یہ حادثہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران پیش آیا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ نے حادثہ والی جگہ کی ویڈیو جاری کی ہے۔ ویڈیو میں حادثہ کا شکار طیارہ کا ملبہ زمین پر بکھرا ہوا نظر آ رہا ہے۔ حادثہ کے بعد جائے وقوع پر مقامی لوگ کافی تعداد میں جمع ہو گئے۔

ہندوستانی فضائیہ نے حادثہ کے متعلق کہا کہ ’’حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور جان و مال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔‘‘ ہندوستانی فضائیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہندوستانی فضائیہ کا ایک پی سی-7 ایم کے تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران حادثہ کا شکار ہو گیا ہے۔ آج تقریباً 14.25 بجے چنئی کے تمبارم کے پاس یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ پائلٹ کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ شہری املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے ایک کورٹ آف انکوائری تشکیل دی گئی ہے۔‘‘


واضح رہے کہ جس جگہ پر فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوا ہے، وہاں کے مقامی لوگوں نے دوڑ کر پائلٹ کو بچایا۔ رپورٹس کے مطابق طیارہ کے گرنے کے بعد علاقے کے لوگ سب سے پہلے جائے وقوع پر پہنچے۔ اس کے بعد پائلٹ کو پانی پلایا، سہارا دے کر اٹھایا اور اس کی مدد کی۔ پائلٹ بہت زیادہ گھبرایا ہوا تھا، اس کو کسی بھی طرح کی کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔ تقریباً نصف گھنٹنے بعد فضائیہ کے ہیلی کاپٹر نے جائے وقوع سے پائلٹ کو ریسکیو کیا اور فوری طور پر اسے ایئر بیس لے جایا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ رواں سال جولائی میں بھی ہندوستانی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں دونوں پائلٹوں کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔