شہر حیدرآباد کی تاریخی یادگار ’چار مینار‘ اب ’نو اسموکنگ زون‘

چار مینار جنوبی ہند کا مقبول سیاحتی مرکز ہے جہاں ہر روز کئی افراد اس یادگار کو دیکھنے کے لئے آتے ہیں، پولس کا کہنا ہے کہ یہاں پر سگریٹ نوشی کرنا ایک جرم ہے کیونکہ سگریٹ نوشی صحت کے لیے مضر ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کی تاریخی یادگار چار مینار کے اطراف نو اسموکنگ زون قرار دیا گیا ہے۔ چار مینار پولس نے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کو روکنے کےلئے چار مینار پولس اسٹیشن کے احاطہ اور اس تاریخی یادگار کے اطراف نو اسموکنگ بورڈز لگائے ہیں۔

چار مینار جنوبی ہند کا مقبول سیاحتی مرکز ہے جہاں ہر روز کئی افراد اس یادگار کو دیکھنے کے لئے آتے ہیں۔ پولس کا کہنا ہے کہ یہاں پر سگریٹ نوشی کرنا ایک جرم ہے کیونکہ سگریٹ نوشی صحت کے لیے مضر ہے۔ حال ہی میں دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام حیدرآباد سٹی پولس کی جانب سے کیا گیا تھا۔


اسموک فری حیدرآباد کے اس حصے کے طور پر پولس عہدیداروں کے لیے یہ ورکشاپ منعقد کیا گیا تھا جس کی حمایت محکمہ صحت خاندانی بہبود نے کی ہے۔ اے سی پی چار مینار انجیا نے کہا کہ نو ٹوباکو ڈے کے سلسلے میں پوسٹرس اور بورڈس لگائے گئے ہیں۔ کمشنر پولس حیدرآباد نے شہر کو دھونے سے پاک بنانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

عہدے داروں کی جانب سے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انسداد سگریٹ نوشی قانون کے مطابق عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عاید کی گئی ہے۔ یہ پابندی دو اکتوبر 2008 سے نافذ العمل ہے انجیا نے کہا کہ شہر میں عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی ہے۔


اس پر عوام میں بیداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ بیداری پروگرام جاری رہیں گے جس کے لیے یہ بورڈس لگائے گئے ہیںٰ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔