ایس آئی آر کے نام پر پورے ملک میں افراتفری مچی ہوئی ہے: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ ایس آئی آر کے نام پر پورے ملک میں افراتفری مچی ہوئی ہے، 3 ہفتوں میں 16 بی ایل او کی جان چلی گئی۔ ہارٹ اٹیک، تناؤ اور خودکشی، ایس آئی آر کوئی اصلاح نہیں بلکہ مسلط کیا گیا ظلم ہے۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) عمل کے خلاف ایک بار پھر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ایس آئی آر کے نام پر پورے ملک میں افراتفری مچی ہوئی ہے، یہ کوئی اصلاح نہیں ہے بلکہ مسلط کیا گیا ظلم ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے ملک کی 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جاری ایس آئی آر عمل کے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’ایس آئی آر کے نام پر پورے ملک میں افراتفری مچا رکھی ہے، نتیجہ؟ 3 ہفتوں میں 16 بی ایل او کی جان چلی گئی۔ ہارٹ اٹیک، تناؤ اور خودکشی، ایس آئی آر کوئی اصلاح نہیں بلکہ مسلط کیا گیا ظلم ہے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’ای سی آئی نے ایسا سسٹم بنایا ہے جس میں شہریوں کو خود کو تلاش کرنے کے لیے 22 سال پرانی ووٹر لسٹ کے ہزاروں صفحات پلٹنے پڑیں۔ مقصد صاف ہے، حقیقی ووٹرز تھک ہار جائےاور ووٹ چوری بغیر روک ٹوک کے جاری رہے۔‘‘
کانگریس لیڈر کا مزید کہنا ہے کہ ’’ہندوستان دنیا کے لیے جدید ترین سافٹ ویئر بناتا ہے، لیکن الیکشن کمیشن آف انڈیا آج بھی کاغذات کی ڈھیر اکٹھے کرنے پر بضد ہے۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’اگر نیت صاف ہوتی تو فہرست ڈیجیٹل، تلاش کے قابل اور مشین کے ذریعہ پڑھنے کے قابل ہوتی۔ اور ای سی آئی 30 دنوں کی مختصر وقت میں کام کرنے کے بجائے مناسب وقت دے کر شفافیت اور جوابدہی پر توجہ مرکوز کرتا۔‘‘
راہل گاندھی کے مطابق ایس آئی آر ایک سوچی سمجھی چال ہے، جہاں شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور بی ایل اوز کی غیر ضروری دباؤ سے ہونے والی اموات کو 'ضمنی نقصان' سمجھ کر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ یہ ناکامی نہیں سازش ہے، اقتدار کی حفاظت میں جمہوریت کی قربانی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔