چھتیس گڑھ واقع پلانٹ میں دھماکہ کے بعد افرا تفری، 6 مزدور جاں بحق، 5 زخمیوں کو اسپتال میں کیا گیا داخل
زخمیوں کو پہلے بھاٹاپارہ واقع کمیونٹی ہیلٹھ سنٹر بھیجا گیا اور ابتدائی علاج کے بعد انھیں بلاس پور ریفر کر دیا گیا۔ حادثہ کے بعد علاقہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔

چھتیس گڑھ کے بلودا بازار بھاٹاپارہ ضلع کے بلودا بازار واقع آئرن پلانٹ میں جمعرات کو خوفناک دھماکہ نے کئی جانیں لے لیں۔ کلینکل فرنیس کے دوران یہ دھماکہ ہوا جس میں کم از کم 6 مزدوروں کی ہلاکت ہوئی ہے، جبکہ 5 دیگر سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو پہلے بھاٹاپارہ واقع کمیونٹی ہیلٹھ سنٹر بھیجا گیا اور ابتدائی علاج کے بعد انھیں بلاس پور ریفر کر دیا گیا۔
یہ حادثہ بھاٹا پارہ دیہی تھانہ حلقہ کے بکولاہی واقع پلانٹ میں پیش آیا، جس کے بعد علاقہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ پولیس انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کام میں مصروف ہے۔ حادثہ کی وجہ جاننے کی کوششیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ پولیس انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کے عمل میں مصروف ہے۔ حادثہ کی خبر ملنے پر بلودا بازار کلکٹر دیپک سونی سمیت پولیس فورس کے اعلیٰ افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ کلکٹر سونی اور ایس پی بھاؤنا گپتا نے حادثہ اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حادثہ میں 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 5 ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں 26 سالہ ممتاز انصاری، 32 سالہ شرافت انصاری، 37 سالہ صابر انصاری، 51 سالہ کلپو بھوئیا اور 34 سالہ رامو بھوئیا شامل ہیں۔ ضلع کلکٹر دیپک سونی کا کہنا ہے کہ حادثہ بھاٹا پارہ دیہی علاقہ کے بکولاہی گاؤں میں رئیل اِسپات اینڈ پاور لمیٹڈ میں پیش آیا۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق دھماکہ یونٹ کے ڈَسٹ سیٹلنگ چیمبر (ڈی ایس سی) میں ہوا اور گرم دھول مزدوروں پر گر گئی، جس سے وہ بری طرح جل گئے۔ انھوں نے بتایا کہ 6 مزدوروں کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 5 دیگر سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ کلکٹر نے یہ بھی بتایا کہ زخمیوں کو بلاس پور کے چھتیس گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا ہے۔
چھتیس گڑھ کے وزیر صحت شیام بہاری جیسوال نے اس حادثہ پر اپنے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کلکٹر سے بات ہوئی ہے اور انھیں ہدایت دی گئی ہے کہ زخمیوں کا بہتر سے بہتر علاج کرایا جائے۔ جیسوال نے ہلاک ہونے والوں کے تئیں اپنی تعزیت کا بھی اظہار کیا اور غمزدہ کنبوں سے ہمدردی ظاہر کی۔ وزیر صحت نے حادثہ کی جانچ کرانے اور ذمہ دار لوگوں کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔