اس وقت ’جے شری رام‘ زیادہ سے زیادہ بولنے کی ضرورت ہے: ڈی جی پی

کیرالہ کے برخاست ڈی جی پی جیکب تھامس کا کہنا ہے کہ ’’ہم ایک ایسا ملک نہیں بن سکتے جہاں ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے پر پابندی ہو۔ یہ ایسا وقت ہے جب جے شری رام کا نعرہ اور زیادہ لگانے کی ضرورت ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایک طرف جہاں ’جے شری رام‘ بولنے کو لے کر لگاتار پرتشدد واقعات ہو رہے ہیں، وہیں کیرالہ حکومت میں برخاست ایک ڈی جی پی نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں زیادہ سے زیادہ ’جے شری رام‘ بولنے کی ضرورت ہے۔ برخاست ڈی جی پی جیکب تھامس نے یہ بیان کیرالہ کے تھریشور میں ایک ’رام کتھا پروگرام‘ کے دوران دیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق جیکب تھامس نے پروگرام میں شرکت کی اور اپنی تقریر میں رام کو سچائی، اخلاقیات، انصاف کی علامت بتایا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ ’’ہم ایک ایسا ملک نہیں بن سکتے جہاں ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگانے پر پابندی ہو۔ یہ ایسا وقت ہے جب جے شری رام کا نعرہ اور زیادہ لگانے کی ضرورت ہے۔‘‘ اپنی تقریر کے خاتمہ پر انھوں نے ’جے شری رام‘ کا نعرہ بھی بلند کیا۔


اپنی تقریر میں جیکب تھامس نے کیرالہ کے اٹّاپدی علاقے میں ایک قبائلی نوجوان مدھو اور پلکڑ ضلع میں ایک سیاسی کارکن کے قتل کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ملک میں اس وقت دانوی (شیطانی) حرکتیں زیادہ ہو رہی ہیں، اس لیے لوگوں کو چاہیے کہ وہ جے شری رام کا نعرہ زیادہ سے زیادہ لگائیں۔ انھوں نے اپنی تقریر میں یہ بات بھی جوڑی کہ ’’آج ان اقدار کو اختیار کرنے کی ضرورت ہے جن کی نمائندگی رام کیا کرتے تھے۔‘‘

واضح رہے کہ کیرالہ حکومت نے جیکب تھامس کو بدعنوانی کے الزام میں دسمبر 2017 میں برخاست کر دیا تھا۔ جیکب پر الزام ہے کہ انھوں نے سال 11-2010 میں بندرگاہ ڈائریکٹر عہدہ پر رہتے ہوئے کٹر سَکشن میں خرید کے دوران بدعنوانی کی تھی۔ حالانکہ گزشتہ 30 جولائی کو سنٹرل ایڈمنسٹریٹو ٹریبونل (کیٹ) کی ایرناکولم بنچ نے ڈی جی پی جیکب تھامس کی بحالی کی ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Aug 2019, 5:10 PM