چندریان-3: وکرم لینڈر سے 100 میٹر دور پہنچا پرگیان رووَر، جلد ہی شروع ہونے والا ہے ’سلیپ موڈ‘ کا عمل

اِسرو چیف ایس سومناتھ کا کہنا ہے کہ لینڈر وِکرم اور رووَر پرگیان اب بھی کام کر رہے ہیں اور سائنسی آلات کے ساتھ ہماری ٹیم اب بھی بہت سرگرمی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>چندریان-3</p></div>

چندریان-3

user

قومی آوازبیورو

اِسرو کے چیف ایس سومناتھ نے ہفتہ کے روز چندریان-3 سے متعلق انتہائی اہم جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ چندریان-3 کا رووَر اور لینڈر اچھی طرح سے کام کر رہا ہے۔ رووَر پرگیان نے لینڈر سے تقریباً 100 میٹر کی دوری طے کر لی ہے۔ ساتھ ہی اِسرو چیف نے یہ بھی بتایا کہ پرگیان اور وکرم کو ’سلیپ موڈ‘ میں ڈالنے کا عمل ایک یا دو دن میں شروع ہو جائے گا۔ ایسا اس لیے کیونکہ اس دوران انھیں چاند پر رات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اِسرو چیف ایس سومناتھ کا کہنا ہے کہ لینڈر وِکرم اور رووَر پرگیان اب بھی کام کر رہے ہیں اور سائنسی آلات کے ساتھ ہماری ٹیم اب بھی بہت سرگرمی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اچھی خبر یہ ہے کہ رووَر لینڈر سے تقریباً 100 میٹر دور چلا گیا ہے اور ہم آنے والے ایک یا دو دنوں میں ان دونوں کو سلانے کا عمل شروع کرنے جا رہے ہیں، کیونکہ انھیں رات کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘


دراصل اِسرو چیف نے سورج مشن ’آدتیہ ایل 1‘ کا آندھرا پردیش کے شری ہری کوٹا واقع خلائی مرکز سے کامیاب لانچنگ کے بعد اس مشن کے کامیابی کے ساتھ آگے بڑھنے کی جانکاری دی۔ اسی دوران انھوں نے چندریان-3 کے بارے میں بھی کچھ اہم جانکاریاں دیں۔ انھوں نے بتایا کہ چندریان-3 کی تحقیق کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور اس کے سبھی آلات ٹھیک طرح کام کر رہے ہیں۔

اس سے قبل اِسرو نے جمعرات کو بتایا تھا کہ چاند کی سطح پر گھوم رہے رووَر پرگیان نے چاند کے جنوبی قطب پر ایک حیرت انگیز واقعہ کو ریکارڈ کیا ہے۔ اسے ایک فطری واقعہ تصور کیا جا رہا ہے اور اِسرو اس واقعہ کے ذرائع کے بارے میں پتہ لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔ دراصل رووَر پرگیان نے چاند پر ایک خاص طرح کے زلزلہ کو ریکارڈ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔