چنڈی گڑھ میئر الیکشن: ریٹرننگ افسر نے سپریم کورٹ میں کیا اعترافِ جرم! کل دوپہر پھر ہوگی سماعت

ریٹرننگ افسر انل مسیح سے عدالت عظمیٰ نے سوال کیا کہ کیا انھوں نے بیلٹ پیپر پر کراس مارک کیا تھا؟ جواب میں انھوں نے کراس مارک لگانے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ پیپر پر نشان دینے کی کوشش کر رہے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>انل مسیح، تصویر ویڈیو گریب</p></div>

انل مسیح، تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ میئر الیکشن کو لے کر جاری تنازعہ پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ تقریباً 20 روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل الیکٹورل افسر کی ویڈیو دیکھنے کے بعد جو اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا، وہ عدالتی کمرے میں تب سچ ثابت ہو گیا جب ریٹرننگ افسر انل مسیح نے بیلٹ پیپر پر ’کراس مارک‘ لگانے کا اعتراف کیا۔ آج ایک بار پھر سپریم کورٹ نے انل مسیح کو ڈانٹ لگائی اور اس معاملے پر کل یعنی 20 فروری کو دوپہر 2 بجے سماعت کرنے کا اعلان کیا۔

قابل ذکر ہے کہ چنڈی گڑھ میئر الیکشن میں بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے عآپ اور کانگریس کی طرف سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی تھی۔ اس عرضی پر آج سماعت ہوئی اور سپریم کورٹ نے ریٹرننگ افسر انل مسیح سے سوال کیا کہ کیا انھوں نے بیلٹ پیپر پر کراس مارک لگایا تھا؟ جواب میں ریٹرننگ افسر انل مسیح نے کہا کہ میں دستخط کر رہا تھا۔ اس پر چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا ’لیکن آپ مارک بھی لگاتے نظر آ رہے تھے‘۔ اس کے جواب میں انل مسیح نے کہا ’جن پیپر میں پہلے سے خرابی کی گئی تھی، ان پر میں نے نشانی بنائی‘۔ یہ سن کر ڈی وائی چندچوڑ ناراض ہوئے اور کہا کہ آپ کو ایسا کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں تھا۔ آپ پر مقدمہ چلنا چاہیے۔


آج عدالتی کمرے میں موجود سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے بھی مانا کہ انل مسیح نے بیلٹ پیپر پر مارک (نشان) لگایا ہے۔ ایسے میں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ پھر عدالت نے کہا کہ ہم ڈپٹی کمشنر کو کہیں گے کہ نئے ریٹرننگ افسر کو تقرر کریں۔ ہم پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو ہدایت دیں گے کہ اس معاملے کو مانیٹر کریں۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ ہم رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ کو کہیں گے کہ وہ انتخاب سے متعلق سبھی ریکارڈ لے کر ہمارے پاس آئیں، کل اس معاملے کی سماعت پھر ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ آج اس معاملے پر سماعت ہونے سے قبل کچھ بڑی پیش رفت دیکھنے کو ملی تھی۔ عآپ کے تین کونسلر بی جے پی میں شامل ہو گئے جس سے چنڈی گڑھ میئر کو لے کر بی جے پی کی حالت مضبوط ہوتی نظر آ رہی ہے۔ عآپ کونسلر نیہا مساوٹ، گرچرن کالا اور پونم دیوی بی جے پی میں شامل ہو چکی ہیں۔ ایک پیش رفت یہ بھی ہوئی کہ میئر منوج سونکر نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ یعنی اب سبھی کی نظریں سپریم کورٹ میں ہونے والی کل کی سماعت پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔