خوشخبری! کورونا کی تیسری لہر کا امکان بہت کم، آئی آئی ٹی کانپور کے پروفیسر کا دعویٰ

پروفیسر اگروال کے مطابق یو پی، بہار، دہلی جیسی ریاستیں کورونا سے پاک ہونے کی راہ پر ہیں، حالانکہ ملک میں سرگرم معاملے اکتوبر مہینے تک 15000 کے قریب رہیں گے کیونکہ کئی ریاستوں میں انفیکشن جاری رہے گا۔

کورونا وائرس/ تصویر یو این آئی
کورونا وائرس/ تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

آئی آئی ٹی کانپور کے سینئر سائنسداں پروفیسر منندر اگروال نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا انفیکشن کی تیسری لہر کا امکان اب نہ کے برابر ہے۔ اپنے ریاضی ماڈل پر مبنی فارمولے کے حوالے سے انھوں نے نئی تحقیق جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکہ کاری نے اس جوکھم کو مزید کم کر دیا ہے۔

پروفیسر اگروال نے کہا کہ ٹیکہ کاری نے انفیکشن میں کافی حد تک کمی کو یقینی کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یو پی، بہار، دہلی جیسی ریاستیں کورنا انفیکشن سے تقریباً پاک ہونے کی راہ پر ہیں۔ حالانکہ ملک میں سرگرم معاملے اکتوبر مہینے تک 15 ہزار کے قریب رہیں گے، کیونکہ شمال مشرقی ریاستوں اور تمل ناڈو، تلنگانہ، کیرالہ میں بھی انفیکشن جاری رہے گا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اکتوبر تک اتر پردیش، بہار، دہلی، مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں معاملوں کی تعداد ایک ہندسہ تک پہنچ جائے گی۔


اس درمیان اتوار کو کانپور میں کورونا کے دو مزید مریض ہوم آئسولیشن میں انفیکشن سے پاک ہو گئے۔ وہیں نئے متاثرین کی تعداد صفر ہو گئی ہے۔ کانپور میں 82906 لوگ کورونا سے متاثر ہوئے تھے، جن میں سے 80991 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ ٹھیک ہوئے مریضوں میں 69616 کو گھر پر علاج کا فائدہ ملا اور 11375 مریضوں کو ہی اسپتال میں علاج ملا۔ چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر نیپال سنگھ نے بتایا کہ شہر میں اب صرف 11 کورونا کے ایکٹیو کیس بچے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */