چمپئی سورین نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ سے دیا استعفیٰ، شیبو سورین کو خط لکھ کر بتایا اپنا درد

چمپئی سورین نے شیبو سورین کو خط لکھ کر کہا ہے کہ جے ایم ایم میرے لیے ایک کنبہ جیسا رہا اور میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے اسے چھوڑنا پڑے گا۔

<div class="paragraphs"><p>چمپئی سورین / آئی اے این ایس</p></div>

چمپئی سورین / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بی جے پی میں شامل ہونے کی خبروں کے درمیان آج جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) سے باضابطہ طور پر استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے جے ایم ایم چیف شیبو سورین کو خط لکھ کر پارٹی کے سبھی عہدوں سے دستبردار ہونے کی جانکاری دی اور ساتھ ہی اپنا درد بھی ان کے سامنے رکھا۔

چمپئی سورین نے اپنے خط میں شیبو سورین کو بتایا ہے کہ جے ایم ایم کی موجودہ پالیسیوں اور طریقہ کار سے مایوس ہو کر انھوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ آپ کی رہنمائی میں جس پارٹی کا خواب ہم جیسے کارکنان نے دیکھا تھا اور جس کے لیے ہم لوگوں نے جنگلوں، پہاڑوں اور گاؤں کی خاک چھانی تھی، آج پارٹی اپنے ان مقاصد سے بھٹک چکی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’جے ایم ایم میرے لیے ایک کنبہ جیسا رہا اور میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے اسے چھوڑنا پڑے گا۔ لیکن گزشتہ کچھ دنوں کے واقعات کی وجہ سے مجھے بہت ہی تکلیف کے ساتھ یہ مشکل فیصلہ لینا پڑ رہا ہے۔‘‘


شیبو سورین کی خراب طبیعت کا تذکرہ بھی چمپئی سورین نے اپنے خط میں کیا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’خرابیٔ صحت کی وجہ سے آپ فعال سیاست سے دور ہیں اور آپ کے علاوہ پارٹی مین ایسا کوئی فورم نہیں ہے جہاں ہم اپنی تکلیف بیان کر سکیں۔ اس وجہ سے میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی بنیادی رکنیت اور سبھی عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔