مالیگاؤں میں 15 بزرگ شعرائے کرام کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

تقریب میں ایسے بزرگ شعرائے کرام کو اعزاز بخشا گیا جنہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ شعر و ادب کی خدمت میں گزار دیا۔

<div class="paragraphs"><p>تقریب میں اسٹیج پر موجود شعرائے کرام</p></div>
i
user

محی الدین التمش

ممبئی: شہر ممبئی سے تقریباً 300 کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع مالیگاؤں کو پاورلوم صنعت کے حوالہ سے مانچسٹر تو کہا ہی جاتا ہے، ساتھ ہی علم و ادب کا گہوارہ بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ یہاں مزدور سے لے کر صاحب ثروت افراد تک شعر و ادب سے نہ صرف دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ اس فن کی قدر دانی میں پیش پیش رہتے ہیں۔

مالیگاؤں میں 15 بزرگ شعرائے کرام کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

گزشتہ دنوں مالیگاؤں شہر میں ایک انوکھی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں 15 معروف مقامی شعرائے کرام، جن کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے، ان کے اعزاز میں ایک تہنیتی و اعترافی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ان شعرائے کرام کی خدمت میں اعترافیہ کے ساتھ تحائف پیش کر کے اس تقریب کو یادگار بنایا گیا۔


مشہور شاعر اور استاد الشعراء مرحوم ادیب مالیگانوی کے نام سے منسوب اس تقریب کا انعقاد ’سیف نیوز‘ نامی ادارے کی جانب سے عمل میں آیا۔ منتظمین و شرکاء نے شعر و ادب کی خدمت میں عمر کا ایک طویل حصہ صرف کرنے پر بزرگ شعراء کے اعزاز و اکرام کو سعادت مندی قرار دیا۔ جن بزرگ شعراء کی ادبی خدمات کا اعتراف کیا گیا، ان میں ڈاکٹر اشفاق انجم، انیس نیّر، ظہیر قدسی، قطب الدین راہی، مختار یوسفی، اقبال نذیر، احمد شناور، پروفیسر سلیم قیصر، ڈاکٹر نعیم اختر، متین شہزاد، عادل فاروقی، اعظم علی ممنون، نجمی ابن جاوید اور ادریس وارثی شامل ہیں۔ ان میں بیشتر شعراء اکرام محنت کش، مزدوری اور چھوٹے پیشہ سے وابستہ ہیں۔ اس کے باوجود خاموشی سے شعر و داب کی خدمت انجام دینے میں مصروف ہیں۔ عمر کے آخری پڑاؤ میں معاشی جدوجہد کے ساتھ شعر و ادب کی خدمت کرنا یقیناً قابل رشک عمل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔